12 اکتوبر 1999 کو جنرل پرویز مشرف سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے وطن واپس روانہ ہوئے تو اس دوران اسلام آباد کی سیاسی صورتحال ڈرامائی انداز میں تبدیل ہو چکی تھی۔ نواز حکومت اور پرویز مشرف کے درمیان تعلقات خاصے خراب ہو چکے تھے اور سیاسی دانشمند کسی بڑی تبدیلی کی بُو سونگھ چکے تھے۔
اکتوبر کی 12 تاریخ کو پی ٹی وی میں معمول کی نشریات جاری تھیں کہ اچانک 5 بجے کشمیری زبان میں خبرنامہ پیش کرنے والے اینکر اشفاق وانی کو خصوصی خبرنامہ پڑھنے کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا۔
اشفاق وانی کے بقول انہوں نے اس خبر کا اسکرپٹ مانگا جو انہیں نہیں دیا گیا۔ 5 بجے سے کچھ دیر قبل وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور پی ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز ہاتھ میں ایک رقعہ لے کر آئے اور انہیں اس میں درج خبر پڑھنے کا کہا، جو اشفاق وانی نے پڑھ دی اور معمول کا خبر نامہ پڑھے بغیر اپنے پروگرام کے لیے ریڈیو پاکستان چلے گئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگلے روز جب اشفاق وانی نے پی ٹی وی میں متعلقہ افراد سے اس خبرنامے کی ریکارڈنگ کے بارے میں دریافت کیا تو وہ نہیں مل سکی۔ لیکن انہیں حیرت اور خوشی تب ہوئی جب انہیں گھر میں بچوں نے بتایا کہ ان کے اس خبرنامے کو انہوں نے وی سی آر پر ریکارڈ کر لیا تھا۔ یوں ایک اتفاق کے سبب ایک تاریخی خبر کا ریکارڈ ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گیا۔













