پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شہریوں کےخلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے کا سلسلہ فوری ترک کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے رکن اور سینیئر ماہرِ قانون شعیب شاہین نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو ایک خط کے ذریعے یاد دلایا کہ انہوں نے 21 جولائی کو فوجی عدالتوں کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کو شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات نہ چلائے جانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔
مزید پڑھیں
اپنے خط میں شیعب شاہین نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے 3 اگست کو فوج کی اعلیٰ قیادت سے ہدایات لینے کے بعد پھر سے اس یقین دہانی کا اعادہ کیا حالاں کہ سپریم کورٹ نے 3 اگست کے اپنے فیصلے میں بھی ایسے ٹرائلز سے منع کیا تھا.
خط میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت اور متعلقہ حلقوں سے ہدایات لے کر عدالتِ عظمیٰ کو کروائی گئی یقین دہانی کے باوجود کوہاٹ، مالاکنڈ اور پشاور وغیرہ میں ان ٹرائلز کا آغاز کردیا گیا ہے۔
شیعب شاہین نے اٹارنی جنرل پر زور دیا کہ وہ اپنی زبان کا پاس رکھتے ہوئے متعلقہ حلقوں کی جانب سے عدالتِ عظمیٰ کے حکم پر پوری طرح عمل درآمد یقینی بنائیں اور ان ٹرائلز کا سلسلہ رکوائیں۔