ڈالر کی قدر میں کمی سے اشیا خورونوش سمیت بہت سی چیزوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ جس سے عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے اور مہنگائی کی شرح میں کمی کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ہنڈا موٹر سائیکل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔ اس حوالے سے کئی واٹس ایپ گروپس میں ایک دوسرے کو اس کمی کی اطلاع دیتے دیکھا گیا۔
موٹر بائیکس کی قیمت میں 6 بار اضافہ
یاد رہے کہ 2023 میں اب تک ہنڈا اٹلس کی جانب سے 6 بار موٹر بائیکس کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ ہنڈا کا 70 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت میں 22 ہزار روپے ، ہنڈا 125 کی قیمت میں 33 ہزار 500 روپے اور ہنڈا 125 اسپیشل ایڈیشن میں 38 ہزار 500 کی کمی کہ خبریں گردش کر رہی ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں کمی کا 18 اکتوبر سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔
تمام خبریں بے بنیاد ہیں
اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے چئیرمین ایسوسی ایشن آف پاکستان موٹر سائیکل اسمبلر محمد صابر شیخ نے وی نیوز کو بتایا کہ موٹر سائیکلوں کی قیمت میں کمی کے حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں اور موٹر سائیکلوں کی قیمتیں برقرار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں ہے کہ ڈالر کے ریٹ میں کمی سے موٹر سائیکلوں کی قیمتیں بھی کم ہونی چاہیے لیکن فی الحال اگلے تقریباً 4 مہینے تک کمی کا کوئی امکان نہیں ہے اور اس کی وجہ بھی یہی ہے کہ جو مہنگے داموں خریدا گیا ہے اور گوداموں میں پڑا ہے جب تک وہ ختم نہیں ہوجاتا موٹر سائیکلوں کی قیمتیوں میں کمی نہیں ہو سکتی۔
اگلے 4 ماہ تک قیمتیں ضرور کم ہوں گی
ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ قیمتوں میں کمی بھی تقریباً 4 سے 5 ہزار کے درمیان ہو گی۔ اور یک دم سے قیمتیں کم نہیں ہوں گی، کیونکہ جس طرح قیمتوں کو ہر چند ماہ بعد بڑھایا گیا تھا اسی طرح وقفہ وقفہ سے قیمتیں کم کی جائیں گی۔ اور امید ہے کہ دسمبر تک تھوڑی بہت کمی ہو بھی جائے۔