بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان صرف ایکشن ہیرو کے طور پر ہی مشہور نہیں ہوئے بلکہ ان کی متعدد رومانٹک فلمیں بھی ہیں جو ان کی وجہ شہرت ہیں۔ یش راج فلمز سے شروع ہونے والا ان کا رومانٹک ہیرو بننے کا سفر 20 سال سے زیادہ عرصہ تک جاری رہا۔
2019 کی فلم ’‘زیرو‘ کی باکس آفس پر ناکامیابی کے بعد کنگ خان نے بالی وڈ سے ایک طویل بریک لی اور 2023 میں دوبارہ یش راج کی ہی فلم ’پٹھان‘ اور ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ کی فلم ’جوان‘ سے بالی وڈ میں ایک بار پھر دھواں دارانٹری ماری۔
لاکھوں، کروڑوں مداحوں کے پسندیدہ رومانٹک ہیرو شاہ رخ خان ’پٹھان‘ میں رومانٹک ہیرو کے برعکس ایکشن ہیرو کے طور پہ نظر آئے جو کہ مداحوں کو اسی قدر پسند آیا جتنا ’دل تو پاگل ہے‘ یا کچھ کچھ ہوتا ہے‘ والا راہل پسند آیا تھا۔ چاہے راج ہو یا راحل، شاہ رخ خان نے پوری ایک نسل کے لیے پیار اور محبت کی مثالیں قائم کردیں جنھیں آنے والی وقت میں ان کے مداح مشکل ہی سے بھول سکیں گے۔
اب کنگ خان نے کہا ہے کہ وہ اب رومانوی فلموں میں کام کرنے سے گریز کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب نئے بچے آ گئے ہیں، اب ان کی باری ہے کہ وہ رومانٹک فلموں کی دنیا میں چھا جائیں۔
مزید پڑھیں
کرن جوہر کی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے ہر شاہ رخ خان نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ اب ہم ان کو ایک ’محبتیں‘ والے راج یا پھر ‘کچھ کچھ ہوتا ہے‘ والے راحل کے روپ میں نہیں دیکھ پائیں گے۔
یہ بات انہوں نے بالی وڈ ہدایت کار کرن جوہر اور اداکارہ رانی مکھرجی کے سامنے فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی اسکریننگ کے موقع پہ کی۔
اس موقع پر کرن جوہر نے کہا کہ شاہ رخ خان سے بہتر رومانس کوئی نہیں کر سکتا۔ رانی مکھر جی نے کہا کہ انہوں نے شاہ رخ خان سے ہی فلموں میں رومانس والی اداکاری سیکھی ہے۔
کرن جوہر نے کہا کہ شاہ رخ خان زندگی بھر جوان ہی رہیں گے اور آج بھی وہ رومانٹک ہیرو کی طرح بڑی اسکرین پر آسکتے ہیں، کیونکہ انہوں نے پیار جیسے جذبات کو ہندی سینیما میں جگہ دی۔
کنگ خان نے کہا کہ وہ اب رومانٹک دنیا سے دور جانا چاہتے ہیں، اور نئی نسل کو جگہ دینا چاہتے ہیں کہ آگے وہ روایت برقرار رکھے۔
’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کرن جوہر کی ڈائریکٹر کے طور پر پہلی فلم تھی، جو 1998 میں دھرما پروڈکشنزسے ریلیز ہوئی اور سپر ہٹ ہوئی۔ اس فلم میں شاہ رخ خان، رانی مکھرجی، اور کاجل نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، اس سال اس فلم نے اپنے 25 سال مکمل کر لیے۔