ملٹی نیشنل کمپنی ’نوکیا‘ نے اگلے 3 برسوں میں 14 ہزار ملازمین کو کم کرنے کا اعلان کر دیا، کمپنی نے یہ فیصلہ منافع میں توقع سے زیادہ کمی کے باعث کیا ہے۔
فن لینڈ کی ٹیکنالوجی کمپنی ’نوکیا‘ کے چیف ایگزیکٹو پیکا لنڈمارک نے کہا ہے کہ وہ کمپنی کے 86 ہزار ملازمین میں سے 16 فیصد کم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، یہ منصوبہ نوکیا کی 2026 کے آخر تک اخراجات میں 1.2 بلین یورو کی کمی کی کوششوں کا حصہ ہے۔
نوکیا کا سہ ماہی منافع 428 ملین یورو سے کم ہو 116 ملین یورو رہ گیا ہے جس کے باعث کمپنی نے ملازمین کی تعداد میں 16 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے جو 14 ہزار بنتی ہے۔
نوکیا کے چیف ایگزیکٹو پیکا لنڈمارک نے کہا سب سے مشکل کاروباری فیصلے وہ ہوتے ہیں جو ہمارے لوگوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ہمارے پاس بے حد باصلاحیت ملازمین ہیں اور ہم اس عمل سے متاثر ہونے والے ہر فرد کی مدد کریں گے۔
واضح رہے کہ نوکیا کے اس وقت یورپ میں تقریباً 37 ہزار 700 ملازمین ہیں، برطانیہ میں نوکیا کے 4 ہزار ملازمین ہیں، برطانیہ میں نوکیا کے دفاتر برسٹل، کیمبرج اور ریڈنگ میں ہیں۔
ملازمتوں میں کٹوتیوں سے امریکا میں بھی نوکیا کے ملازمین کے متاثر ہونے کا امکان ہے، امریکا میں نوکیا کے تقریباً 10 ہزار 500 ملازمین ہیں۔
نوکیا نے اپنی مصنوعات کی لاگت میں کمی کے منصوبے کے تحت اگلے سال 400 ملین یورو منافع جبکہ 2025 میں 300 ملین یورو منافع کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس ہدف کے حصول کے لیے نوکیا نے اپنے ملازمین کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔