اسرائیل کی غزہ میں بمباری سے شہادتیں 7000 سے تجاوز کر گئی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 481 فلسطینی شہید ہوگئے۔
20روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے، شہدا میں 3 ہزار سے زائد بچے اور 17 سو سے
زیادہ خواتین شامل ہیں،غزہ میں 50 فیصد رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔
اسرائیل کی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے ہزاروں کے دبے جانے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
23 لاکھ فلسطینی محصور، ادویات اور بنیادی ضروریات میسر نہیں
فلسطینی وزارت صحت نے تمام شہدا کی شناخت پر مبنی 212 صفحات پر مشتمل دستاویز جاری کردیں، جس میں 73 ہیلتھ ورکرز بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی بھی فہرست جاری کردی گئی ہے۔
اس وقت غزہ میں کم ازکم 23 لاکھ فلسطینی محصور ہیں، جن کے پاس اشیائے خورونوش، پانی، بجلی، ادویات اور سائبان سمیت کچھ بھی نہیں بچا، فلسطینی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ رفح کراسنگ سے انسانی امداد ضرور غزہ میں داخل ہو رہی ہے لیکن ایندھن نہیں پہنچ رہا۔
اقوام متحدہ غزہ میں اسرائیل کے مظالم روکنے میں ناکام رہی ہے کیوں کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کا ابھی تک کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے۔
امریکا بھی اس آگ سے نہیں بچ پائے گا، ایران
اجلاس سے خطاب میں ایرانی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی جاری رہی تو امریکا بھی اس آگ سے نہیں بچ پائے گا، حماس اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرکے ایران کے حوالے کرنے کو تیار ہے۔
چین کے وزیر خارجہ کا دورہ امریکا
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی بھی امریکا پہنچ گئے ہیں،دونوں ممالک کے مشرق وسطی اور دو طرفہ امور پر تعمیری بات چیت کا امکان ہے، چینی وزیر خارجہ کی امریکی صدر جوبائیڈن سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
ترجمان وائٹ ہاوس جان کربی کا کہنا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان معطل فوجی رابطوں کی بحالی سمیت دیگر امور پر بات ہوگی، بحیرہ جنوبی چین، مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید 900 فوجی بھیجنے کا فیصلہ
امریکا نے مشرق وسطیٰ میں مزید فوجی بھیجنے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے پینٹاگان کا کہنا ہے کہ خطے کی بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر900 امریکی فوجی تعینات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ دفاع پیٹرک رائیڈر نے کہا کہ امریکی فوجی اسرائیل نہیں جائیں گے، اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر حملے ہوئے، جن میں 20 سے زائد فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے عراق میں کم سے کم 12 اور شام میں 4 حملے کیے گئے، جمعرات کو بھی ایک حملہ کیا گیا لیکن ناکام رہا۔
ترجمان نے مزید کہا مزید فوجی بھیجنے کا مقصد امریکی فورسز کی حفاظت، فضائی دفاع کو تقویت دینا ہے، تعیناتی خطے میں اسرائیل حماس تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے کا پیغام دینے کی کوشش ہے۔
امریکا کے شام میں ایرانی تنصیبات پر حملے
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا نے شام میں ایران کے پاسداران انقلاب کور اور ایران کے حمایت یافتہ گروپس کے ہتھیاروں کے ذخیرے پر فضائی حملہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ امریکا کے حملے میں کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔
یہ حملے وائٹ ہاؤس کے انتباہ کے بعد کیے گئے ہیں کہ واشنگٹن عراق اور شام میں اپنی افواج پر حملوں کا جواب دے گا جس کا الزام اس نے ایران کے حمایت یافتہ گروپوں پر لگایا تھا۔
اسرائیلی حملے میں الجزیرہ کے بیوروچیف کا پورا خاندان شہید
اسرائیل کے فضائی حملوں میں عرب ٹیلی ویژن چینل ’الجزیرہ‘ کے غزہ کے بیوروچیف وائل الدحدوح کا پورا خاندان شہید ہو گیا۔
اسرائیل کے اندھا دھند حملوں میں وائل الدحدوح کی بیوی، بیٹا اور بیٹی ، پوتے، پوتیاں شہید ہو گئے جو ایک پناہ گزین کیمپ میں مقیم تھے۔
اسرائیل کی غزہ پر بمباری سے اب تک کم از کم 24 صحافی مارے گئے ہیں جن میں 20 فلسطینی، 3اسرائیلی اور لبنان کے عبداللہ عبداللہ شامل ہیں۔