بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر فور مرحلے کی جنگ تیز ہوتی جارہی ہے۔ تمام ٹیمیں اپنی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں کہ اُن کا نام سپر فور مرحلے کے لیے پکا ہو جائے۔
ابھی تک ہونے والے 26 میچز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور زیادہ امکانات یہی ہیں کہ کیوی ٹیم سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنے ابتدائی میچ ہارنے کے بعد میگا ایونٹ میں شاندار کم بیک کیا ہے اور نیدر لینڈز کے خلاف 309 رنز سے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا 27 واں میچ آج آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، دھرم شالہ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اب تک 05 میچز کھیل کر 04 میچ جیتے ہیں جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم نے 05 میچز کھیل کر 03 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
دونوں ٹیمیں ایک روزہ میچز میں اب تک 141 بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں جن میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 95 جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 39 میچز جیتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین07 میچ بغیر نتیجہ رہے۔
پچ رپورٹ
ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، دھرم شالہ کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوگی تاہم اس پچ پر تیز بولرز کو شروع کے 10 اوور میں مدد ملے گی۔

اس میدان میں رواں ورلڈ کپ میں اب تک 04 میچز کھیلے جا چکے ہیں اور ٹاس جیتنے والی ٹیم نے دوسری ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ہے۔
موسم کی صورتحال
آج میچ کے دوران دھرم شالہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
نیوزی لینڈ کی ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کی پوائنٹس ٹیبل پر 08 پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ آسٹریلین ٹیم 06 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم 10 پوائنٹس لے کر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ
پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، الیکس کیری، جوش انگلیس، سین ایبٹ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشینگ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، مچل اسٹارک۔
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ
کین ولیمسن (کپتان)، ٹرینٹ بولٹ، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، جمی نیشم، گلین فلپس، ریچن رویندرا، مچ سینٹنر، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، ول ینگ۔