سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہبازشریف سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر صادق سنجرانی نے شہبازشریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر کامیاب جلسہ کرنے پر شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے دورہ چین کے حوالے سے بھی سابق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ ملک میں انتخابات کا وقت قریب آتے ہی نئی سیاسی صف بندیاں ہو رہی ہیں۔ گزشتہ عام انتخابات سے قبل وجود میں آنے والی بلوچستان عوامی پارٹی ’باپ‘ کو بھی اب نئے اتحاد کی تلاش ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی 2018 میں تحریک انصاف کی اتحادی تھی، اور پھر جب عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئی تو انہوں نے حزب اختلاف کا ساتھ دیا تھا۔
اب ’باپ‘ پارٹی مسلم لیگ ن کے قریب ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور اس حوالے سے میڈیا میں بھی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا تعلق بھی چونکہ بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے، اس لیے یہ ملاقات نئی سیاسی صف بندیوں کے حوالے سے اہم ہو سکتی ہے۔