پی ٹی آئی کے 32 ایم این ایز کی رکنیت بحال، عمران خان 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی

جمعہ 24 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے 32 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن  آف پاکستان کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر 32 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔

پنجاب سے پی ٹی آئی کے جن اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا ہے ان میں  27 جنرل نشستوں کے علاوہ مخصوص نشستوں پر اسمبلی میں پہنچنے والی پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کا عکس

پی ٹی آئی کی جن پانچ خواتین رکن اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا ہے، ان میں عالیہ حمزہ، کنول شوزب، عندلیب عباس، عاصمہ حدید اور ملکیہ بخاری شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے ہائی کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں پنجاب میں قومی اسمبلی کے 27 حلقوں میں جاری کردہ انتخابی شیڈول معطل کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے۔

دوسری طرف اسلام آباد کی حدود میں واقع این اے 52، این اے 53 اور این اے 54 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ جہاں 16 مارچ کو ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے مذکورہ حلقہ جات پر لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ لاگو نہیں ہوتا۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کا عکس

ایسے وقت میں جب کہ الیکشن کمیشن نے ایک طرف پی ٹی آئی کے 32 اراکین اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا ںوٹیفکیشن معطل کیا ہے، دوسری طرف تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیر اعظم عمران خان کو چھ مختلف حلقوں سے ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور سے عمران خان کی نشست خالی قرار دے دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ این اے 108، این اے 118 ننکانہ اور این اے 239 کراچی سے بھی عمران خان کی نشست خالی قرار دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 16 اکتوبر 2022 کو عمران خان قومی اسمبلی کے 7 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں امیدوار تھے اور انہوں نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp