اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو کی بائی پاس روڈ پر زیر تعمیر پلر کی شٹرنگ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق 3 زخمی ہو گئے۔
نمائند وی نیوز کے مطابق بہارہ کہو کی بائی پاس روڑ پر زیر تعمیر پلر کی شٹرنگ گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، پلر کو بھرنے کیلئے شٹرنگ کا کام جاری تھا کہ اس دوران شیٹرنگ گر گئی۔
شیٹرنگ گرنے سے ملبے تلے آ کر تین مزدور زخمی جبکہ 2 مزدور جاں بحق ہو گئے۔
افسوس ناک واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو ٹیموں نے تین زخمی مزدوروں کو ریسکیو کر لیا۔
وزیر داخلہ کا نوٹس
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، وزیر داخلہ نے ریسکیو اہلکاروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔
وزیر داخلہ نے چئیر مین سی ڈی اے کو حادثہ کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے ہدایت کی۔
انکوائری کمیٹی تشکیل
کمشنر اسلام آباد کی جانب سے بھی افسوس ناک حادثے کا نوٹس لیا گیا ہے، چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایات پر واقع کی تحقیقات کے لیے آٹھ رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم میں ڈی سی اسلام آباد، ایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد، ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے اور نیسپاک کا نمائندہ شامل ہے۔
تحقیقاتی ٹیم میں راولپنڈی اور اسلام آباد ریسکیو کا ایک ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔