حماس کے تیار کردہ ’ال یاسین‘ اینٹی ٹینک میزائل نے اسرائیل کے ہوش اڑا دیے

بدھ 1 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سات اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیلی جارحیت کے جواب میں حماس کے القسام بریگیڈز کے حریت پسند  یاسین-105 اینٹی ٹینک آر پی جیز استعمال کرتے ہوئے دشمن کو شدید نقصان سے دوچار کررہے ہیں۔ اس میزائل نے حال ہی میں 22 مرکاوا ٹینکوں کے پرخچے اڑا دیے ہیں۔

فلسطین کرانیکل کے مطابق حال ہی میں القسام بریگیڈز کی طرف سے یاسین-105 اینٹی ٹینک آر پی جیز کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ  یہ اسرائیلی ’مرکاوا‘ ٹینک کو تباہ کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ’مرکاوا‘ ٹینک کو اسرائیلی فوج کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاتا ہے۔ 70 کی دہائی میں اس ٹینک کی تیاری شروع ہوئی تھی۔ اس وقت اس کی پانچویں جنریشن چل رہی ہے۔ چوتھی جنریشن سے تعلق رکھنے والے مرکاوا ٹینک کی یونٹ کاسٹ 5.85 ملین ڈالر تھی۔

حماس کا دعویٰ ہے کہ یہ 105 ایم ایم ٹینک شکن راکٹ سے چلنے والے دستی بم ( آر پی جی)  حماس کے القسام بریگیڈ نے آپریشن الاقصیٰ طوفان میں استعمال کیے تھے،  جس کے نتیجے میں اسرائیلی مرکاوا مین جنگی ٹینک ( ایم بی ٹی)  کو تباہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیلی ٹینکوں کی تباہی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

القسام بریگیڈز کے ملٹری میڈیا نے اس سے قبل ایک ویڈیو کلپ جاری کیا تھا جس میں پہلی بار فضائی دفاعی نظام متعارف کرانے کا انکشاف کیا گیا تھا۔ اس دفاعی نظام کا نام ‘معتبر-1’ رکھا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج اور القسام بریگیڈز کے مابین شدید لڑائی جاری

حماس تحریک کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ فلسطینی آزادی پسند جنگجو اسرائیلی قبضے کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ‘اسرائیل’ کی جارحیت کے خلاف غزہ کے لوگوں کا دفاع کر رہے ہیں۔

ابو عبیدہ نے انکشاف کیا کہ اسرائیلی قابض افواج کے ساتھ متعدد سرحدی مقامات پر شدید لڑائی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیلی ہمارے لوگوں کو زبردستی بے گھر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ القسام بریگیڈز کے ترجمان نے عہد کیا کہ غزہ اسرائیلی قبضے کا قبرستان رہے گا اور مزاحمتی تحریک  دفاعی کارروائیاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کارروائیاں ظاہر کرتی ہیں کہ ہمارے پاس دشمن کے خلاف بہت سی تدابیر ابھی باقی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ القسام بریگیڈز نے اب تک یاسین-105 اینٹی ٹینک آر پی جیز کا استعمال کرتے ہوئے 22 اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو تباہ کیا ہے۔

’ہمارے حریت پسند دشمن کا تعاقب کرتے ہوئے پیچھے سے اس کی صفوں میں گھس گئے اور فورسز کو شدید نقصان پہچانے میں کامیاب ہوئے، اس کارروائی میں اسرائیلی فوج کی بے شمار ہلاکتیں ہوئیں۔

مزید برآں، ابو عبیدہ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور ان کی عسکری قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’ہم نیتن یاہو اور ان کے کمانڈروں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ اس جنگ کے اختتام پر گھٹنے ٹیکیں گے، اور غزہ کی جنگ ایک سیاسی نتیجے پر پہنچے گی‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی اس جنگ کو مقبوضہ علاقوں کی آزادی کا پہلا قدم سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ حماس کی بحری افواج نے گائیڈڈ العاصف تارپیڈو کا استعمال کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ بحری اہداف پر حملے کیے، جو آپریشن الاقصیٰ فلڈ کے دوران استعمال کیے گئے تھے۔

حماس کے فوجی ترجمان نے اس بات کی تردید کی کہ قابض اسرائیلیوں نے القسام بریگیڈز کے قبضے سے کسی بھی قیدی کو چھڑوایا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر نیتن یاہو آج مبینہ طور پر ایک قیدی کو رہا کرنے پر فخر کرتا ہے تو پھر اسے اس انداز میں تمام قیدیوں کو رہا کروانے میں 20 سال لگیں گے۔

القسام بریگیڈز کے فوجی ترجمان نے مزاحمت کاروں کی قید میں موجود غیر ملکیوں سے متعلق کہا کہ انہوں نے ثالثوں کو آنے والے دنوں میں متعدد غیر ملکیوں کو رہا کرنے کے اپنے ارادے سے آگاہ کر دیا ہے۔

ابو عبیدہ نے کہا کہ وہ امت کے ہر معزز سپاہی اور جنگجو کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے اور اس جنگ میں حصہ لینے کی دعوت دی، انہوں نے وعدہ کیا  کہ ان کی جدوجہد کے نتیجے میں فتح اور عزت ملے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp