ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک اڈے کے قریب دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور 20 سے زائد شہری زخمی ہوگئے ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
ریسکیو1122 میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی پولیس معلومات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک اڈے میں اس دھماکے میں موٹرسائیکل کا استعمال کیا گیا جس میں نامعلوم نوعیت کا دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا، جس کی تحقیق کی جارہی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق دھماکے میں ہلاک شہریوں کی عمریں 15سے 20 سال تھیں، ایک نعش کی شناخت قمر زمان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 2خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے کئی موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں، ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس وین کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔