قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بیٹر فخر زمان کی نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کے بعد ہونے والی گفتگو منظر عام پر آ گئی ہے۔
کپتان بابراعظم نے آج کے میچ کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بارش نہ بھی ہوتی تو ہم 402 رنز کا ہدف حاصل کر لیتے چونکہ وکٹ بہت اچھی تھی۔
بابراعظم نے فخر زمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میرے ذہن میں تھا کہ اگر آپ کھڑے ہوئے گئے تو ہم ٹارگٹ حاصل کر لیں گے۔ ’ہمارے دماغ میں تھا کہ پارٹنرشپ کو 20 اوورز تک لے کر جانا ہے، جب بادل آئے تو پھر ہم نے اس حساب سے بیٹنگ کی تاکہ رن ریٹ کم نہ ہو‘۔
مزید پڑھیں
فخر زمان کہتے ہیں کہ جب عبداللہ شفیق آؤٹ ہوئے تو تھوڑا سا جھٹکا لگا تھا مگر مجھے شروع سے ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ وکٹ بہت اچھی ہے۔ جس طرح کی وکٹ تھی اس حساب سے تو ہم نے نیوزی لینڈ کو زیادہ اسکور نہیں بنانے دیا۔
اوپننگ بیٹر نے کہاکہ آج کی اننگز بہت یادگار رہے گی، انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران قومی آل راؤنڈر افتخار احمد کی تعریف بھی کی۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دی ہے۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 401 رنز اسکور کیے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 402 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بعد میں بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا اور 41 اوورز تک محدود کرتے ہوئے پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا گیا۔
پاکستان نے کھیل کا جارحانہ آغاز کیا ہے 25.3 اوورز میں 200 رنز اسکور کر لیے، اور ایک بار پھر جب بارش نے مداخلت کی تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 21 رنز سے فاتح قرار دیدیا گیا۔
پاکستانی اننگز کی شاندار بات فخر زمان کی جارحانہ اننگز اور میچ میں تیز ترین سینچری تھی، فخر زمان نے کیوی بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور محض 81 گیندوں پر 8 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 126 رنز بنا ڈالے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
فخر زمان کو شاندار کارکردگی پر قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے فون کر کے مبارکباد دی ہے اور 10 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔