ویسے تو پائے پنجاب بالخصوص لاہور کی مرغوب ڈش سمجھی جاتی ہے جس کے بغیر شاید ناشتہ کا تصور ادھورا رہتا ہے، لیکن پائے کے شوقین شہری پشاور میں بھی اس منفرد ذائقے والی غذا سے محروم نہیں اور اس میں بڑا دخل ہے ’نیکا پائے‘ کا جہاں بڑے پائے کا تگڑا ناشتہ آپ کو دن بھر بھوک کا احساس غالب نہیں ہونے دیتا۔
اندرون پشاور شہر میں پایا فروخت کرنے والے فدا محمد بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے جس کی وجہ سے نیکا کے نام سے جانے جاتے تھے۔ نیکا پائے کے مالک حاجی عمر دراز خان کے مطابق نیکا ہندکو میں چھوٹے کو کہتے ہیں اور چونکہ یہ کام نیکا بابا نے شروع کیا تھا لہذا یہ پائے انہی کی عرفیت سے پہچانا جانے لگا اور ایک طرح کا برانڈ بن گیا ہے۔
پشاور کی تاریخی تحصیل گورگھٹڑی میں واقع ’بابا نیکا حاجی نذیر احمد پائے فروش‘ کی چھوٹی سی مگر قدیمی دکان برس ہا برس سے قائم ہے، جہاں ہر صبح پائے کا ناشتہ کرنے والوں کی قطار لگ جاتی ہے۔
پائے کی ایک منفرد مٹی کی دیگ کے قریب بیٹھے حاجی عمر دراز نے بتایا کہ وہ حاجی نذیر احمد کی پانچویں پیڑھی سے ہیں جو ان کے شروع کیے گئے اس کاروبار کو کامیابی سے چلا رہی ہے، اور اس کا بڑا سہرا ان کے پائے کے ذائقے کو برقرار رکھنے میں پنہاں ہے۔
ںہ صرف پشاور بلکہ دیگر شہروں سے آئے مہمان بھی ناشتے کے لیے نیکا پائے کا رخ کرتے ہیں، جہاں پائے کا ناشتہ بھی منفرد انداز میں مٹی کے خصوصی برتن میں پیش کیا جاتا ہے، جس میں اکثر نلی کی موجودگی ناشتے کا مزا دوبالا کردیتی ہے۔
مزید تفصیل اس ویڈیو رپورٹ میں!