’اسٹار لنک‘ دنیا اور خود ایلون مسک کے لیے ناگزیر کیوں ہے؟

ہفتہ 11 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خلائی صنعت پر حاوی ایلون مسک کا اسپیس ایکس اپنی ایک کے بعد ایک لانچنگ کے لیے جانا جاتا ہے۔ اسپیس ایکس یہ اقدام دراصل اپنے انٹرنیٹ صارفین کو عالمی سطح پر تیزی ترین سروس فراہم کرنے کے لیے ہیں۔

اسپیس ایکس نے 2019 میں اسٹارلنک سیٹلائٹس کا آغاز کیا تھا، تب سے یہ سروس روزافزاں ترقی کر رہی ہے، ہر گزرتا دن اس کے صارفین کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے۔

20 لاکھ سبسکرائبرز

کمپنی کے مطابق 7 براعظموں کے 60 سے زیادہ ممالک میں 20 لاکھ سے زیادہ فعال صارفین ہیں جو ان کی سروسز سے استفادہ کر رہے ہیں۔

Euroconsult سے وابستہ سینیئر کنسلٹنٹ برینٹ پروکوش کے مطابق اسٹارلنک کی یہ کامیابی اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ اب تک انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے کہیں بھی اپنے سبسکرائبر میں زیادہ سے 5 سے  10لاکھ کا اضافہ کیا ہے، اور اس مقام تک پہنچنے کے لیے انہیں 10 سال کا طویل عرصہ لگا ہے جب کہ اسٹارلنک نے اس سے دُگنی کامیابی مقابلتاً نہایت قلیل مدت میں حاصل کی ہے۔

اسٹارلنک کی اہمیت

ماہرین کے اندازے کے مطابق گزشتہ سال 2022 میں اسٹارلنک کا مارکیٹ شیئر 92 بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔ آنے والے دنوں میں اسٹارلنک مزید بہتر پوزیشن پر ہوگا، اس لیے کہ اس نے اپنی سروسز کا دائرہ عام صارفین سے بڑھا کر بحری اور فضائی صنعت تک پھیلا دیا ہے۔

اسپیس ایکس کے لیے اس کی ذیلی کمپنی ’اسٹارلنک‘ کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ ماہرین کے نزدیک رواں سال کے اختتام تک اسپیس ایکس کے مجموعی کاروبار میں ’اسٹارلنک‘ کا حصہ 40 فیصد سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، جس کی آمدنی 3 بلین ڈالر سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

 

یوکرین جنگ اور اسٹارلنک

اسٹارلنک کو سراہے جانے کی وجوہ میں سے ایک یہ بھی ہے کہ یہ اپنی سروسز دنیا کے اُن دور دراز مقامات پر بھی فراہم کر رہا ہے جہاں کوئی دوسرا سروس فراہم کنندہ نہیں پہنچ سکا ہے۔ یہ سروس قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں بھی ناگزیر ہو گئی ہے۔ نیز روس اور یوکرین جنگ کے دوران اسٹارلنک کی سروس یوکرینی حکومت اور وہاں کے عوام کے لیے بیرونی دنیا سے جڑے رہنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp