جیل بھرو تحریک کے دوران گرفتار تحریک انصاف کے رہنماؤں کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں پر پنجاب حکومت نے گرفتاریاں دینے والے پی ٹی آئی رہنماؤں سے متعلق رپورٹ جمع کروا دی۔
پنجاب حکومت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی ، اسدعمر اور اعظم سواتی سمیت 9 رہنماؤں کو 30 روزکے لیے مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت نظربند کیا ہے۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے لاہور ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں77 لوگوں کو نظر بند کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور نے نظر بندی کے احکامات جاری کیے۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی دوسرے شہروں میں منتقلی کے خلاف درخواست ہے، اعجاز چوہدری کی رہنماؤں کی بازیابی کی درخواست میں رپورٹ آگئی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے سرکاری وکیل کو اگلی سماعت تک باقاعدہ جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ابھی رپورٹ عدالت کی فائل میں نہیں لگی، اس میں بھی رپورٹ جمع کرائیں ، دونوں درخواستوں میں رپورٹ آنے کے بعد جمعہ کو سماعت کریں گے۔