شاہد آفریدی نے بابر اعظم کو فوری کپتانی سے ہٹانے کی مخالفت کر دی

پیر 13 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و سابق چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر بابر اعظم کو ہی قیادت کرنی چاہیے۔

شاہد آفریدی نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ ٹیم سے مجھے بہت امیدیں تھیں مگر ٹیم کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ ابھی ہمارے پاس فیصلہ کرنے کا وقت ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرکٹ کی بہتری کے لیے ہمیں گراس روٹ لیول پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بڑے ایونٹ میں دباؤ کا سامنا کرنا ہوتا ہے، جب غلطیاں کریں گے تو پھر جیت ممکن نہیں ہوتی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وکٹ کیپر بیٹر راشد لطیف نے کہاکہ ٹیم کی ناکامی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں قومی ٹیم نے صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ دی، ہم نے ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ کم کھیلی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کے دوران ہمارے فاسٹ بولرز کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، اگر اسپنرز کوئی کمال دکھاتے تو پھر بھی نتیجہ مختلف ہوتا۔

راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ناکامی پر صرف کھلاڑیوں سے نہیں بلکہ کھلانے والوں سے بھی پوچھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اپنی بدترین کارکردگی کی وجہ سے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے سے قبل ہی باہر ہو گئی۔

قومی کرکٹ ٹیم نے 9 لیگ میچز میں سے صرف 4 میں کامیابی حاصل کی اور پانچویں نمبر پر رہتے ہوئے ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp