نواز شریف کتنی نشستوں پر الیکشن لڑیں گے؟

منگل 14 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میاں محمد نواز شریف 3 مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم رہے چکے ہیں۔ 2017 میں وزرات اعظمی کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد انہیں العزیزیہ اور ایون فیلڈ کیس میں سزا ہوئی تو وہ پہلے جیل اور اس کے بعد 19 نومبر 2019 کو علاج کی غرض سے لندن چلے گئے تھے۔ 4 سال بعد 21 اکتوبر 2023 کو وطن واپس پہنچے پر نواز شریف کا پرتپاک استقبال ہوا۔ اس کے بعد سے نواز شریف نے سیاسی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں۔

نواز شریف کے وطن واپس آنے کے بعد 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن اس وقت انتخابی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ امیدواروں سے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔ کس حلقے سے کون سا امیدوار موزوں ہوگا، اعلان جلد کردیا جائے گا۔

نواز شریف کے الیکشن لڑنے کے حوالے سے رانا ثناء برملا کہہ چکے ہیں کہ وہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں ضرور حصہ لیں گے۔ اس حوالے سے ن لیگ نے بھر پور حکمت عملی بھی بنا رکھی ہے۔ نواز شریف کتنی نشتوں سے الیکشن لڑیں گے؟ لیگی رہنما نے اس حوالے سے وی نیوز کو بتایا کہ نواز شریف کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کم سے کم 3 جگہوں سے الیکشن لڑیں۔

ایک لاہور کا حلقہ این اے 120، دوسرا ایبٹ آباد سے این  اے 16 اور تیسرا حلقہ کوئٹہ تجویز کیا گیا ہے۔ ابھی نواز شریف نے سوائے لاہور کے دوسرے کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑنے کا ارادہ ظاہر نہیں کیا تاہم پارٹی کی نظر میں نواز شریف کو کم سے کم 3 نشستوں پر الیکشن لڑنا چاہیے۔

ماضی میں نواز شریف کن حلقوں سے الیکشن لڑتے رہے ہیں

نواز شریف نے پہلا الیکشن 1985 میں لڑا تھا۔ لاہور کے پرانے حلقے پی پی 123 سے جیت کر پہلی مرتبہ وزیراعلی پنجاب بنے تھے۔ 1990 میں لاہور کی پرانی حلقہ بندی کے مطابق این اے 95 سے الیکشن لڑا اور ساتھ ہی پی پی 123 اور ایبٹ آباد کے پرانے حلقے این اے 12 سے بھی الیکشن لڑا اور جیت گئے تھے۔

اس طرح 1997 میں بھی لاہور کے حلقہ این اے 95 سے الیکشن لڑا اور ساتھ ہی ایبٹ آباد 12 سے بھی قومی اسمبلی کے لیے الیکشن لڑا، اس وقت نواز شریف نے لاہور کے بجائے ایبٹ آباد کی سیٹ رکھی اور وزیراعظم بنے۔ 2013 میں لاہور کے پرانے حلقہ این اے 125 سے الیکشن لڑا اور ساتھ ہی سرگودھا سے این اے 68 سے بھی الیکشن لڑا اور دونوں حلقوں سے کامیاب ہوئے، وزیراعظم بنے تو سرگودھا کی سیٹ چھوڑ دی تھی۔

نواز شریف 2024 کا الیکشن پرانے حلقوں سے لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں، لاہور کا حلقہ جو پرانی حلقہ بندیوں میں این اے 95 تھا اور بعد میں این اے 125 بنا اور اب یہ حلقہ این اے 120 بن چکا ہے، اس طرح ایبٹ آباد کا حلقہ این اے 12 جو اب این اے 16 بن چکا ہے۔

شہباز، مریم اور حمزہ کہاں کہاں سے الیکشن لڑیں گے؟

شہباز شریف پنجاب کے 3 دفعہ وزیر اعلی رہ چکے ہیں۔ 2018 میں شہباز شریف نے لاہور کے حلقہ این اے 132 سے الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے، کراچی  این اے 249 سے بھی شہباز شریف نے الیکشن لڑا مگر وہ سیٹ ہار گئے۔ اب کی بار شہباز شریف لاہور کے حلقہ این اے 132 اور کراچی کے این اے 249 سے بھی الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

حمزہ شہباز 2008 میں لاہور کے حلقہ این اے 119 سے بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 2013کے عام انتخابات میں حمزہ شہباز دوبارہ ایم این اے منتخب ہوئے۔ 2018کے الیکشن میں حمزہ شہبازنے این اے 124 اور پی پی 146 سے کامیابی سمیٹی۔ 13 اگست 2018  کو حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن لڑا تھا۔ حمزہ شہباز اپنی پرانی این اے اور پی پی کی نشست سے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مریم نواز پہلی دفعہ جنرل الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اس دفعہ وہ پی پی اور این اے کی دونوں سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی۔ مریم نواز لاہور سے اور گوجرانوالہ سے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp