ن لیگ نے بلوچستان میں کون سی بڑی سیاسی جماعتوں کو دھچکا دیا؟

منگل 14 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف 2 روزہ دورے پر آج مریم نواز اور شہباز شریف کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے صوبے کی مختلف قوم پرست، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں آئندہ انتخابات کے لیے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پا گئے۔

اس دوران کوئٹہ کے نجی ہوٹل میں شمولیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ن لیگ نے مرکز سمیت بلوچستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کو دھچکا دیا۔

شمولیتی پروگرام میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 30 سے زیادہ سیاسی شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

شمولیت اختیار کرنے والوں میں بلوچستان عوامی پارٹی، بی این پی مینگل، نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں۔

ن لیگ جوائن کرنے والوں والوں میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سابق وزیراعلیٰ جام کمال، سابق وزرا میر سلیم کھوسہ، نور محمد دمڑ، ربابہ بلیدی، سردار عبدالرحمان کھیتران، محمد خان لہڑی، سردار مسعود لونی، شعیب نوشیروانی، عاصم کرد گیلو، رامین محمد حسنی، دوستین ڈومکی شامل ہیں۔

شمولیتی پروگرام میں پاکستان تحریکِ انصاف کے صوبائی رہنما بھی پیچھے نہ رہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما سردار عاطف علی سنجرانی، نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار اور پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے خان محمد جمالی جبکہ سابق سینیٹر پی پی پی سید الحسن مندوخیل نے بھی ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔

نیشنل پارٹی کے مجیب محمد حسنی، بی این پی کی سابق رکن اسمبلی زینت شاہوانی نے بھی ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس سے قبل سیاسی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی ہمیں ہمیشہ عزیز رہی، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp