پاکستانی کرکٹرز کے متنازع بیانات، پاکستان کے لیے جگ ہنسائی کا سبب

بدھ 15 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں کا آج کل ان کے متنازع بیانات کی وجہ سے خوب چرچا ہورہا ہے۔ وہ وقتاً فوقتاً کوئی نہ کوئی ایسی بات کر دیتے ہیں جو خبروں کی زینت بن جاتی ہے اور ان بیانات کی وجہ سے پاکستان کو بین الاقوامی طور پر سبکی اٹھانا پڑتی ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کے سابق کرکٹر عبد الرزاق کو ایک متنازع بیان کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جس پر اب انہوں نے بھارتی اداکارہ ایشوریہ رائے سے معافی مانگ لی۔ ان کے خلاف طوفان ابھی تھما نہیں تھا کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ سے متعلق ایک بیان دے دیا جس پر بھارتی کرکٹر نے انضمام الحق کے بیان کو جھٹلا دیا اور ان کے خلاف سخت جملوں کا تبادلہ کیا۔

انضمام الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے ساتھ ایک سیریز کے دوران مولانا طارق جمیل جب ہمیں نماز پڑھاتے تھے تو ہم بھارتی مسلمان کھلاڑیوں کو بھی نماز پڑھنے کی دعوت دیتے تھے جن میں عرفان پٹھان اور ظہیر خان شامل تھے۔ اس دوران بعض دیگر بھارتی کھلاڑی بھی آجایا کرتے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن ہربھجن سنگھ نے مولانا طارق جمیل کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ ان کو سن کر دل کرتا ہے کہ ان کی بات مان جاؤں لیکن جب میں تم لوگوں کی زندگی کو دیکھتا ہوں تو اپنا ارادہ تبدیل کردیتا ہوں۔

قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور کپتان انضمام الحق کے اس بیان پر ہربھجن سنگھ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں بھارتی ہوں اور سکھ ہوں یہ کون سا نشہ کر کے بات کرتے ہیں یہ لوگ کچھ بھی بول دیتے ہیں۔

اس کے علاوہ انضمام الحق کا ایک اور بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ کھلاڑیوں کی کرکٹ کے ساتھ ساتھ دعوت و تبلیغ کے حوالے سے بھی گفتگو کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران مھإد یوسف نے برائن لارا کو کھانے پر مدعو کیا اور پروگرام بنایا کہ اسے دین کی دعوت دیں گے۔

انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کراچی کے بزرگ نے برائن لارا کو دین کی دعوت دی اور بتایا کہ ہم کس طرح اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور رسول ﷺ کے طریقے پر زندگی گزارتے ہیں، کس طرح ہم ماں باپ کی خدمت کرتے ہیں، پڑوسیوں کا خیال رکھتے ہیں اور کاروبار کرتے ہیں۔

انضمام الحق نے کہا کہ برائن لارا یہ سن کر متاثر ہوئے اور انہوں نے کہا کہ واقعی زندگی اسی طرح گزارنی چاہیے۔

اس سے قبل سابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا نے ورلڈ کپ میں بھارت کو مختلف اور مشکوک گیندیں دینے کا الزام بھی لگایا تھا جس پر بھارتی باؤلر محمد شامی نے سخت رد عمل دیا تھا۔

حسن رضا نے کہا تھا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ جب بھارتی ٹیم بلے بازی کرتی ہے تو وہ واقعی اچھی بلے بازی کرتے ہیں اور جب بھارتی ٹیم بولنگ کرتی ہے تب گیند مختلف ہو جاتی ہے اور DRS بھی ان کے حق میں جاتا ہے۔

حسن رضا کا کہنا تھا کہ سراج اور شامی جس طرح گیند کو سوئنگ کر رہے تھے اس سے ایسا لگ رہا تھا کہ آئی سی سی یا بی سی سی آئی  والے انہیں دوسری اننگز میں مختلف اور مشکوک گیندیں دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ گیند کا معائنہ کرنے کی ضرورت ہے، سوئنگ کے لیے گیند پر کوٹنگ کی ایک اضافی تہہ بھی ہو سکتی ہے۔

بھارتی بولر محمد شامی نے حسن رضا کے بیان کی ویڈیو انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کی اور لکھا ‘شرم کرو، کھیل پر فوکس، کبھی تو دوسروں کی کامیابی کو انجوائے کیا کرو، یہ آئی سی سی ٹورنامنٹ ہے، آپ کا لوکل ٹورنامنٹ نہیں، آپ کھلاڑی ہی تھے نا؟

بھارتی بولر نے مزید کہا کہ وسیم اکرم نے سمجھایا ہے، پھر بھی آپ کو اپنے کھلاڑی وسیم اکرم پر یقین نہیں ہے؟ آپ تو اپنی ہی تعریف کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

 

واضح رہے کہ 2009 کی ٹی 20 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے اراکین نے ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس دوران سابق کرکٹرز نے حالیہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی پر بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ جس میں عبدالرزاق نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ہماری سوچ  یہ ہے کہ ایشوریا رائے سے شادی کرکے اور اُس سے نیک پرہیزگار بچہ ہو تو یہ کبھی نہیں ہوسکتا‘‘۔

https://Twitter.com/SharyOfficial/status/1724065501712707996?s=20

عبدالرزاق کو اس بیان کے بعد شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انہوں نے بھارتی اداکارہ سے ویڈیو بیان کے ذریعے معافی مانگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں کوچنگ اور کرکٹ کی بات ہورہی تھی، اس دوران زبان پھسل گئی، اور میں اس بات پر معافی مانگتا ہوں

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp