آئندہ انتخابات میں ن لیگ بلوچستان سے کتنی نشستیں حاصل کرسکتی ہے؟

بدھ 15 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اپنے 2 روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، نیشنل پارٹی، جمیعت علماء اسلام سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں میں آئندہ انتخابات کے لیے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے پر مشتمل انتخابی اتحاد سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔

ان ملاقاتوں کے بعد مسلم لیگ ن نے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کو بھی پارٹی میں خوش آمدید کہا، اس ضمن میں منعقدہ ایک تقریب میں 12سابق صوبائی اسمبلی،   4قومی اسمبلی کے اراکین اور ایک سابق سینیٹر سمیت مجموعی طور پر 30 سے زائد قبائلی و سیاسی رہنماؤں نے ن لیگ میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی۔

مسلم لیگ ن میں سب سے پہلے سابق سینیٹر اشوک کمار، سابق اراکین قومی اسمبلی میں سردار فتح محمد محمد حسنی، خان محمد جمالی، جام کمال خان اور دوستین ڈومکی اس کے علاوہ سابق اراکین صوبائی اسمبلی میں مجیب الرحمن، محمد حسنی، عاصم کرد گیلو، محمد خان لہڑی، سلیم کھوسہ، شعیب نوشیروانی، عبدالرحمن کھیتران، سردار مسعود لونی، خان طوراتمانخیل، نور محمد دومڑ، ربابہ بلیدی، بسنت لال گلشن، زینت شاہوانی اور ثوبیہ کرن کبزئی شامل ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق صوبہ سے ’الیکٹیبلز‘ کی بڑی تعداد میں ن لیگ میں شمولیت اس جانب اشارہ کر رہی ہے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن صوبے میں 10 سے زائد نشستیں لینے میں کامیاب رہے گی جبکہ قومی اسمبلی کے اہم حلقوں میں بھی مسلم لیگ ن کے فتحیاب ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات کے بعد اس پوزیشن میں ہوگی کہ حکومت سازی میں اہم کردار ادا کر سکے۔

دوسری جانب سیاسی جماعتوں سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے کے تحت انتخابی اتحاد کی وجہ سے بھی مسلم لیگ ن کی اپنی پوزیشن بلوچستان میں مزید بہتر ہوجائے گی، سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ہمیشہ سے مخلوط حکومت بنتی آئی ہے اور اس ضمن میں اب کوئی دو رائے نہیں کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کا بلوچستان کی سیاست میں اہم کردار ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp