لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ: ’وکٹ توڑ باؤلنگ تھی بھئی‘

پیر 27 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ سیزن ایٹ ہر لمحہ کچھ نیا کرتے ہوئے آئندہ مرحلوں کی جانب رواں دواں ہے۔ میدان کے اندر بیٹر اور باؤلر ہنر آزما رہے ہیں تو باہر شائقین کرکٹ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور دلچسپ لمحات سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

پیر 27 فروری کو ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمہئن لاہور قلندرز کا مقابلہ دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوا۔

اس دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلر ٹام کرن نے قلندرز کے اوپنر فخر زمان کو بولڈ کیا تو ان کی بکھری وکٹیں اور انداز اسکرین شاٹس میں محفوظ ہو کر ٹائم لائنز کی زینت بنا۔

سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں سے واضح تھا کہ انہوں نے میچ کا یہ خاص لمحہ خوب انجوائے کیا ہے۔

ذیشان نیاز نے اس منظر پر لفاظی کے جوہر دکھائے تو اپنے جذباتی تبصرہ میں لکھا کہ ’وکٹ توڑ باؤلنگ تھی بھئی۔‘

قلندرز کی بیٹنگ کے دوران یہ اکلوتا لمحہ نہ تھا جس نے شائقین کی توجہ مبذول کروائی ہو۔

عبداللہ شفیق کی اننگز اور ان کی پرفارمنس بھی شائقین کی داد کی مستحق ٹھہری۔

اسی دوران اسٹریٹیجک ٹائم آؤٹ کا مرحلہ آیا تو میدان میں نصب ایک بورڈ پر ’چائے کا کپ ہاتھ میں تھامے ایک فرد  کو دکھایا گیا۔‘ 27 فروری کی مناسبت سے خاص معنویت رکھنے والا یہ منظر پاکستانی فورسز کے ہاتھوں ماضی میں گرفتار ہونے والے انڈین فائٹر پائلٹ ابھینندن کا تھا جب وہ پاکستانی قید میں موجود تھے۔

https://twitter.com/Beybuspaki/status/1630228512526282754

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹیں کھو کر 200 رنز بنائے۔

قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 45 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ فخر زمان نے 36، سام بلنگز نے 33 اور سکندر رضا نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔

https://twitter.com/SharyOfficial/status/1630199826192146433

حسین طلعت چھ، ڈیوڈ ویزے 12، راشد خان 18 رنز تک محدود رہے جب کہ لاہور کے کپتان شاپین شاہ آفریدی کوئی رنز نہ بنا سکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن نے چار اوورز میں 34 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جب کہ کپتان شاداب خان دو، ابرار احمد اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

فہیم اشرف نے کفایتی باؤلنگ کی اور دو اوورز میں 13 رنز دیے تاہم وہ اور ذیشان ضمیر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp