انسان کا فن یا اس کا ہنر اس کی سب سے بڑی شناخت ہوتا ہے۔ دنیا میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنے اس فن کا اظہار کرتے کرتے اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ ان خاص لوگوں میں ہالی ووڈ کے چند معروف اداکار بھی شامل ہیں جو اپنی فلموں کی شوٹنگ کے دوران دنیا سے رخصت ہوئے مگر وہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
ہیتھ لیجر
’بیٹ مین‘ فلم کی بات ہو تو ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ ہیتھ لیجر کا ذکر نہ ہو۔ ہیتھ لیجر نے اس فلم میں ’جوکر‘ کا کردار ادا کیا تھا۔ ان کا یہ کردار اتنا مشہور ہوا کہ لوگ آج بھی بیٹ مین کے ساتھ جوکر کو بھی اتنا ہی یاد رکھتے ہیں۔ بیٹ مین فلم کا یہ کردار اداکار ہیتھ لیجر کی پہچان بنا۔ وہ 2008ء میں اپنی آخری فلم ’دا ایمیجنیریم آف ڈاکٹر پارناسس‘ کی شوٹنگ کے دوران اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ اس فلم کی ریلیز سے چند دن قبل پولیس کو نیویارک میں ان کے گھر سے ان کی لاش ملی تھی۔
پال واکر
’فاسٹ اینڈ فیورس‘ سیریز کے اسٹار پال واکر کی موت نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا کیونکہ ان کی موت ایک المناک حادثہ کے نتیجے میں واقع ہوئی تھی۔ 2013ء میں ’فاسٹ اینڈ فیورس: 7‘ کی ریلیز سے کچھ عرصہ پہلے پال واکر اور ان کے دوست راجر روڈاس ایک افسوسناک حادثہ کا شکار ہوئے جب تیز رفتاری کے باعث ان کی گاڑی ایک کھمبے اور درختوں سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ان کی گاڑی کو آگ لگ گئی اور وہ دونوں اس حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ پال واکر کی موت کے بعد متبادل اداکار اور ویژول ایفیکٹس کی مدد سے ان کی فلم کی تکمیل کی گئی۔ یہ باکس آفس پر ایک کامیاب فلم ثابت ہوئی۔
بروس لی
بروس لی مارشل آرٹ کے بادشاہ سجھے جاتے ہیں، مضبوط اعصاب کے مالک اور پل بھر میں اپنے حریف کو دھول چٹانے والے بروس لی بھی فلم کی شوٹنگ کے دوارن اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ 1978ء میں اپنی فلم ‘گیم آف ڈیتھ‘ کی شوٹنگ کے دوارن بروس لی کو پین کلرز سے الرجک ردعمل ہوگیا جس سے ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی فلم کی شوٹنگ ابھی باقی تھی تاہم فلم ڈائریکٹر نے ان کی پرانی فلموں کے مناظر کی مدد سے ان کی آخری فلم مکمل کی۔ بروس لی کے بیٹے برینڈن لی کی بھی چند سال بعد اسی طرح موت واقع ہوئی تھی۔
برینڈن لی
بروس لی کے بیٹے برینڈن لی بھی ہالی ووڈ اداکار تھے۔ 1994ء میں فلم ’دا کرو‘ کے سیٹ پر شوٹینگ کے دوران انہیں پستول کی گولی لگی جو فلم انتظامیہ کے مطابق نقلی تھی، لیکن بعدازاں وہ گولی اصلی ثابت ہوئی۔ گولی کا زخم برینڈن لی کے لیے جان لیوا ثابت ہوا اور اپنے والد کی طرح وہ بھی اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔
کرس فارلے
2001ء میں ریلیز ہونے والی بچوں کی فلم ’شریک‘ میں پہلے کرس فارلے مرکزی کردار ادا کررہے تھے۔ 1997ء میں منشیات کی زیادتی کی وجہ سے کرس فارلے کی موت واقع ہوگئی۔ ’شریک‘ فلم کے سارے ڈائیلاگز فائنل ہوچکے تھے لیکن کرس فارلے کی موت کے بعد پروڈکشن ٹیم کو سب کچھ بدلنا پڑا۔ بعد میں 2001ء میں بننے والی اس فلم میں ہالی وڈ اداکار مائیک مائیرز نے مرکزی کردار ادا کیا۔ وہ اس سیریز کی اگلی 3 فلموں کا حصہ رہے۔