پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 16 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد 110 رنز سے عبرتناک شکست دیدی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹد کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ پہلے بولنگ کو ہی ترجیح دیتے۔
اپنی اننگ کے ابتدائی اوورز میں لاہور قلندرز کے نسبتاً اچھے آغاز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے تجربہ کار بولنگ اٹیک نے تھوڑا بہت کنٹرول کیا۔ جارحانہ بلے باز فخر زمان 36 اور مرزا بیگ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ کی شراکت میں عبداللّٰہ شفیق نے سیم بلنگز کے ہمراہ 71 رنز کی شراکت بنا کر لاہور قلندرز کی امیدیں اجال رکھیں۔ عبداللّٰہ شفیق نے 24 گیندوں پر 45 رنز بنائے جبکہ سیم بلنگز 33 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
☝️☝️☝️
A team hat-trick to finish the match 🎩✨#HBLPSL8 | #SabSitarayHumaray | #LQvIU pic.twitter.com/FtLCtx9yf1
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 27, 2023
ایک موقعہ پر رنز اسکورنگ کی دھیمی پڑتی رفتار کو ڈیوڈ ویزے کی 12، راشد خان کی 18 اور سکندر رضا کی 23 رنز کی برق رفتار اننگز نے لاہور قلندرز کے مجموعہ کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 تک پہنچادیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 201 رنز کے ہدف کا تعاقب کچھ زیادہ پراعتماد طریقہ سے نہ ہوسکا جب کہ دوسری جانب لاہور قلندرز کے بولرز نے میچ کے کسی بھی لمحہ پر بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹرز کو حاوی نہ ہونے دیا۔
اسلام آباد کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور رحمان اللہ گرباز نے محتاط انداز سے کیا تاہم 41 کے مجموعی اسکور پر لاہور قلندرز نے اسلام آباد کا پہلا شکار کیا جب رحمان اللہ 23 رنز بنانے کے بعد زمان خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کولن منرو بھی جم کر کھیلنے میں ناکام رہے اور18 کے انفرادی اسکور پر ڈیوڈ ویزے کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اوپنرز کی وایسی کے ساتھ ہی اسلام آباد کا مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور ان کا کوئی بھی بیٹر لاہور قلندرز کے بولنگ اٹیک کا سامنا نہ کرسکا۔
اسلام آبادیونائیٹڈ کے وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 90 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹرز کی بے بسی کا اندازہ اس حقیقت سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ان کی آخری تینوں وکٹیں 90 کے مجموعی اور حتمی اسکور پر گریں۔
لاہور قلندرز کے راشد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ 6 گیندوں پر 12 رنز بنانے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنیوالے ڈیوڈ ویزے پلیئر آف دا میچ قرار پائے۔