نیتن یاہو حماس کے حملے روکنے میں ناکام، فی الفور مستعفی ہوں: اسرائیلی اپوزیشن لیڈر

جمعرات 16 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لیپڈ نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حماس کے خلاف جنگ کے خاتمے کا انتظار کیے بغیر ‘فوری طور پر’ مستعفی ہو جائیں۔

اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر یائر لیپڈ نے بدھ کو اسرائیلی نیوز چینل این 12 کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کو فوری طور پر رخصت ہو جانا چاہیے، ہمیں تبدیلی کی ضرورت ہے، نیتن یاہو وزیر اعظم نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم کسی کو ایک ایسے وزیر اعظم کو عہدے پر رہنے کی اجازت نہیں دے سکتے جس نے عوام کا اعتماد کھو دیا ہو۔’

یائر لیپڈ کے مطابق حماس کے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر اچانک حملے کے چار دن بعد اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو اور اپوزیشن کے رہنما بینی گانٹز نے حماس سے جنگ کے دوران ایک ‘ہنگامی حکومت’ بنانے کے معاہدے کا اعلان کیا تھا۔

یائر لیپڈ نے اس وقت کہا تھا کہ وہ اس حکومت میں شامل نہیں ہوں گے، انہوں نے  حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامی کا الزام نیتن یاہو پر عائد کیا ہے۔

واضح رہے کہ یائر لیپڈ نے نیتن یاہو کے گزشتہ سال انتخابات میں اقتدار میں واپس آنے سے پہلے اسرائیل کی مخلوط حکومت کی قیادت کی تھی، انہوں نے حماس سے اسرائیل کی تازہ لڑائی سے قبل وزیر اعظم نیتن یاہو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔

N12 کے ساتھ اپنے انٹرویو میں یائر لیپڈ نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کے ووٹ کا مطالبہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے کسی دوسرے رکن کی قیادت میں نئی حکومت کی تشکیل پائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت انتخابات کا نہیں ہے۔ ‘ہمیں لیکوڈ سے تعلق رکھنے والے دوسرے وزیر اعظم کے ساتھ مل کر قومی تعمیر نو کا کام کرنا چاہیے۔’

ٹیلیگرام پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں لیکوڈ نے فوری طور پر اس مطالبہ کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ‘جنگ کے وقت’ ایسی تجویز ‘شرمناک’ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp