عمران خان پیشی کیلئے زمان پارک سے اسلام آباد روانہ

منگل 28 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان 4 مختلف مقدمات میں پیشی کے لیے لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے ہوائی جہاز کے بجائے براستہ موٹر وے سفر کرتے ہوئے اسلام آباد آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل ان کا بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد آنے کا پروگرام تھا۔

پی ٹی آئی نے کارکنان کو صبح موٹر وے ٹول پلازہ پہنچنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہاں سے انہیں قافلے کی صورت میں جوڈیشل کمپلیکس پہنچایا جاسکے۔

عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس میں واقع انسداد دہشت گردی کی عدالت سمیت ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے منگل کو طلب کیا ہے جہاں وہ اپنی ضمانت میں توسیع کی درخواست دائر کریں گے۔

انہیں اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس کل ہی طلب کر رکھا ہے۔ ان کی پیشی کی یقین دہانی پیر کو ان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو کرائی تھی۔

اس کے علاوہ اقدام قتل کے کیس میں بھی عمران خان کو اسلام آباد کی مقامی عدالت سے رجوع کرنا ہے۔

جوڈیشل کمپلیکس سمیت ضلعی کچہری میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ بینکنگ کورٹ کے رجسٹرار پہلے ہی اس ضمن میں آئی جی اسلام آباد پولیس کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان گذشتہ برس نومبر میں لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں اپنے کنٹینر پر کی جانیوالی فائرنگ میں زخمی ہونے کے بعد سے لاہور کے علاقہ زمان پارک میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مقیم ہیں جہاں انکے وکلا کے بقول ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp