اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ ریفرنسز کی میاں محمد نواز شریف کی اپیلیں 21 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کردیں۔
عدالت نے نواز شریف کی بیرون ملک سے واپسی پر اپیلیں بحال کی تھیں۔ نواز شریف کو احتساب عدالت نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزا سنائی تھی۔
نواز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلوں کو 2018 سے چیلنج کیا ہوا ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سماعت کریں گے۔
نواز شریف کے خلاف زیر التوا مقدمات
6 جولائی 2017 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میاں نواز شریف کو ایون فیلڈ کرپشن ریفرنس میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ 24 دسمبر 2018 کو انہیں العزیزیہ اسٹیل ملز کرپشن ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
مزید پڑھیں
ستمبر 2018 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ایون فیلڈ کرپشن ریفرنس میں سزائیں معطل کر دی تھیں، جبکہ 29 اکتوبر 2019 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہی ان کو العزیزیہ کرپشن ریفرنس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کے ایک ماہ بعد 19 نومبر 2019 کو وہ لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہو گئے۔