لاہور ہائیکورٹ : اسموگ کے تدارک کے لیے سائیکلنگ کو فروغ دینے کی ہدایت

جمعہ 17 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے سرکاری سطح پر سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر شہریوں کی اسموگ کی تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے اسموگ کے تدراک کے لیے سفارشات پیش کیں، جن میں بتایا گیا کہ ریسٹورنٹس اور جمز کو جلد بند کرنے کی سفارشات تیار کی ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ کچھ سفارشات غیر ضروری ہیں، جم تو کورونا کے دوران بند ہوئے تھے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ بھارت میں فصلوں کی باقیات بہت زیادہ جلائی جاتی ہیں، اگر ہوا انڈیا سے پاکستان کی جانب سے چلے تو تمام اثرات پاکستان میں آئیں گے، عدالت نے گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کے خلاف بھی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

معزز جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ڈپٹی کمشنرز اسموگ سے متعلق آگاہی واک کرکے کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنا کردار ادا کردیا ہے، جو افسران اسموگ کے حوالے سے اقدامات نہ کریں ان کے خلاف پیڈا ایکٹ (پنجاب ملازمین کی کارکردگی، نظم و ضبط اور احتساب ایکٹ 2006) کے تحت کارروائی کی جائے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ برطانیہ میں ججز آج بھی سائیکلوں پر آتے ہیں، سائیکلنگ کو فروغ دیں، حکومتی سطح پر اقدامات ہوں تو مثبت اثرات آئیں گے، عدالت نے سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp