سعودی عرب کو پاکستانی افرادی قوت کی فراہمی کے تاریخی معاہدے پر دستخط

جمعہ 17 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (پی او ای سی) اور سعودی عرب کی معروف کنٹریکٹ کمپنی نیسما اینڈ پارٹنرز نے سعودی عرب کو افرادی قوت کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔ یہ پیش رفت وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک اور نیسما اینڈ پارٹنرز کے سی ای او ثمر عصام عبدالصمد کے درمیان ملاقات کے بعد ہوئی۔

پی او ای سی اور نیسما اینڈ پارٹنرز کے درمیان ’تاریخی‘ معاہدہ سعودی عرب کو ہنر مند پاکستانی لیبر برآمد کرنے کی اجازت دے گا، خاص طور پر نیسما کے جاری اور آئندہ منصوبوں کے لیے جو تعمیرات میں مہارت رکھتا ہے۔ سعودی عرب میں پاکستانی تارکین وطن کی سب سے بڑی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے اور یہ جنوبی ایشیائی ملک میں ترسیلات زر کی آمد میں سب سے بڑا حصہ دار ہے۔

وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کی علامت ہے جس سے سعودی عرب کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی اہداف میں کردار ادا کرنے کے لیے بڑی تعداد میں پاکستانی افرادی قوت کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگی۔

نیسما اینڈ پارٹنرز، سعودی عرب کی معروف تعمیراتی کمپنی کی حیثیت سے متعدد میگا منصوبوں کی ذمہ دار ہے۔ معاہدہ پاکستانی کارکنوں کو اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے اور انفراسٹرکچر کے ان اہم منصوبوں کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

نیسما کے سی ای او سے ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی نے سعودی فرم کی جانب سے پاکستانی کارکنوں کو بھرتی کرنے کے عزم کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp