پاکستان اور روس کا دہشت گردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور

جمعہ 17 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دہشت گردی اور سلامتی کو درپیش عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے بارے میں پاکستان اور روس کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا 10 واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

 جمعہ کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ سید حیدر شاہ نے پاکستان جب کہ روسی فیڈریشن کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ورشینن نے روس کی طرف سے اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔

اجلاس کے دوران فریقین نے افغانستان، وسطی اور جنوبی ایشیائی ریاستوں سمیت شمالی افریقہ کے حالات پر بھی خصوصی توجہ مرکوز رکھی اور عالمی اور علاقائی دہشت گردی کے خطرات پر طویل تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مسلسل چوکسی کی ضرورت پر زور دیا گیا اور دونوں اطراف سے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنی اپنی قومی حکمت عملی اور اقدامات کا خاکہ بھی پیش کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور روس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے تجربات اور بہترین طریقوں کا اشتراک بھی کیا ہے۔

یہ اجلاس پاکستان اور روس دوطرفہ انسداد دہشت گردی تعاون کے پس منظر میں باقاعدہ تبادلوں کا حصہ تھی۔ دونوں اطراف سے تعاون کے باہمی فائدے پر زور دیتے ہوئے دہشت گردی سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ اور شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن جیسے فورمز میں تعاون بڑھانے پر بات چیت خاصی نتیجہ خیز رہی۔ فریقین نے دہشت گردی کی مالی معاونت سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کے دیگر اہم شعبوں میں مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔

فریقین نے بنیاد پرستی کی مختلف شکلوں، دہشت گردانہ نظریات کے پھیلاؤ اور دہشت گردی کے مقاصد کے لیے معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کا اختتام پاکستان اور روس دونوں کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کے اعادہ کے ساتھ ہوا۔ ورکنگ گروپ کا آئندہ اجلاس 2024 میں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp