پوپ فرانسس، اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی شہدا کے خاندانوں سے ملاقات کریں گے

ہفتہ 18 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پوپ فرانسس 22 نومبر کو غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی شہدا کے خاندانوں سے ویٹیکن سٹی میں ملاقاتیں کریں گے۔ پوپ فرانسس سب کو پر امن رہنے اور جنگ روکنے کے لیے کئی بار اپیل کر چکے ہیں۔ پوپ فرانسس کی ملاقاتیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہون گی۔ جس میں اسرائیل کے مبینہ 240 سے کچھ کم یرغمالی غزہ میں اب بھی حماس کے کنٹرول میں ہیں۔

دوسری طرف غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری سے اب تک 5000 فلسطینی بچے، 3300 فلسطینی خواتین اور مجموعی طور پر 12000 سے زائد غزہ کے رہائشی شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطینی زخمیوں کی تعداد 30000 سے زائد ہے۔

ویٹیکن سٹی کے ترجمان میٹیو برونی کی طرف سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے بارے میں بیان گزشتہ روز سامنے آیا۔ بیان کے مطابق 86 سالہ پوپ ملاقاتوں کے ذریعے دکھی دل خاندانوں کے ساتھ روحانی قربت ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ ملاقاتیں بدھ کے روز 22 نومبر کو پوپ کی معمول کی سرگرمیوں کی سائیڈ لائنز پر ہوں گی۔ اسرائیلی اور فلسطینی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ پوپ کی ملاقاتیں الگ الگ اوقات میں ہوں گی۔

غزہ کے اسپتال، مساجد، گرجا گھر اور تعلیمی ادارے سب کچھ ہی اسرائیلی بمباری کی زد میں ہیں اور اسرائیلی طیارے جان بوجھ کر انہیں بمباری کا نشانہ بناتے ہیں۔ اسرائیلی بمباری کو امریکا اور یورپ کے کئی بڑے ممالک کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

واضح رہے شہید ہونے والے 5000 فلسطینی بچوں اور 3300 خواتین کے ورثا میں سے بہت سارے ان کے ساتھ ہی شہید ہو چکے ہیں۔ جبکہ ان میں سے بعض کے ورثا زخموں سے چور ہیں اور اسپتال کے بجائے پناہ گزین کیمپوں میں پڑے ہیں یا اب بھی غزہ کی گلیوں میں اسرائیلی بمباری کے خطرے کی زد میں ہیں۔

یاد رہے کہ پوپ فرانسس نے گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہر عیسائی، مسلمان اور کسی بھی اور مذہب کا بندہ اللہ کی نظر میں مقدس بھی ہے اور قیمتی بھی ہے اور اسے امن کے ساتھ زندہ رہنے کا مسلمہ حق ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp