سردارعاشق اور سردار عامر کی ن لیگ میں شمولیت، عوامی خدمت پر ناحق سزا اعزاز سمجھتا ہوں، شہباز شریف

ہفتہ 18 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنے پر اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں اور غریبوں کی ترقی کی ضمانت ہو گی۔

میاں محمد شہباز شریف سے پارٹی کے سینیئر راہنماﺅں سابق گورنر رفیق رجوانہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عبدالغفار ڈوگر، خواجہ عمران نذیر اور عطاءاللہ تارڑ نے ہفتہ کے روز ملاقات کی اور انہیں آشیانہ اقبال ریفرنس میں بری ہونے پر مبارک باد پیش کی۔

لیگی راہنماﺅں نے سیاسی انتقام کے دور کا بہادری اور جرات سے مقابلہ کرنے پر پارٹی صدر کو خراج تحسین پیش کیا  اور مستقبل میں ان کی کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

میاں محمد شہباز شریف نے لیگی رہنماؤں کے جذبات اور نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے ایک بار پھر عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا۔ قیادت اور کارکنوں نے بڑی جرات وبہادری اور ثابت قدمی دکھائی۔

ہماری بے گناہی پر کارکنوں اور عوام کو یقین تھا، شہباز شریف

ان کا کہنا تھا کہ قیادت کی بے گناہی پر کارکنوں اور عوام کو یقین تھا، یہ اعتماد سب سے بڑا اثاثہ ہے، پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنا اعزاز سمجھتا ہوں۔ ایک دھیلے کا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کاانعام ہے۔ افسوس ہے کہ 4 قیمتی سال سیاسی انتقام میں جھونک دیے گئے۔

شہباز شریف کا پارٹی رہنماؤں سے کہنا تھا کہ ہمیں اپنی سزا کا نہیں، عوام اور ملک کو ملنے والی سزا کا دُکھ ہے، ملاقات میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا،  راہنماﺅں نے حلقوں میں جاری تیاریوں کے بارے میں پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔

سردار عاشق اور سردار عامر طلال مسلم لیگ ن میں شامل

دریں اثنا اہم سیاسی شخصیات اور سابق ارکان قومی اسمبلی کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سابق ارکان قومی اسمبلی سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان  کر دیا ہے۔

دونوں سیاسی راہنمائوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان سابق وزیراعظم اور پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔ شہباز شریف نے سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور مبارک دی۔

ان سے ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مضبوطی پاکستان کی معاشی بحالی اور عوام کی خوشحالی ہے۔اللہ تعالی نے موقع دیا تو عوام کو معاشی تکلیفوں سے نجات دلائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp