مودی کا اسٹیج پر رویہ اور پیٹ کمنز کی پھیکی سی ہنسی’ کرکٹ کی تاریخ میں ایک عجیب تقریب’

پیر 20 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ آسٹریلین ٹیم کی جیت کے ساتھ اختتام کو پہنچ چکا ہے لیکن سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین اس فائنل کے سحر سے شاید اب تک نہیں نکل سکے ہیں۔

فائنل میں آسٹریلین ٹیم کی عمدہ کارکردگی سے لے کر میچ کے اختتام پر ہونے والی تقریب میں ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر صارفین خوب تبصرے کر رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ  کمنز کو ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی اور آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم رچرڈ مارلس ٹرافی پیش کر رہے ہیں۔  ٹرافی دیتے ہی وہ پیٹ کمنز کو اکیلے چھوڑ کر اسٹیج سے چلے گئے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کے بعد پیٹ کمنز اسٹیج پر اکیلے کھڑے پھیکی سی ہنسی ہنس دیے اور اپنی ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کا اسٹیج پر انتظار کرتے رہے۔


ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہوئی تو صارفین نے بھارتی وزیر اعظم کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ یہ تقریب کرکٹ کی تاریخ کی سب سے عجیب و غریب تقریب کے طور پر جانی جائے گی۔

ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہندوستانی کتنے متعصب اور متکبر ہیں، مودی نے تھپڑ کی طرح ٹرافی کو پیٹ کمنز کے منہ پر دے مارا اور چل دیے۔

جہاں صارفین مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے وہیں کچھ صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے پوری کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سوشل میڈیا پر بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، مودی نے پیٹ کمنز کو مبارکباد دی تھی۔

اسی حوالے سے ایک صارف نے پوری کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آدھی ادھوری ویڈیوز شیئر نہ کریں اس سے بُرا تاثر پڑتا ہے۔

بھارت کرکٹ کا ورلڈ کپ ہارا، جبکہ بھارت کا وزیراعظم بین الاقوامی آداب کا میچ ہارا۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ فائنل کے بعد ہونے والی تقریب ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوئی جب 90ہزار کے قریب تماشائی اسٹیڈیم سے باہر جا چکے تھے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں بدانتظامی سے انڈیا کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp