دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان

پیر 20 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شان مسعود کی قیادت میں دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس دورہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم 14 دسمبر سے 7 جنوری کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم کا اعلان چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کیا۔ یہ چیف سلیکٹر بننے کے بعد وہاب ریاض کا پہلا اسائنمٹ ہے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے 34 سالہ شان مسعود پہلی بار پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ انہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023  کے لیے قیادت کی ذمہ داری بابراعظم کی جگہ سونپی گئی ہے جو گزشتہ ہفتے ٹیسٹ کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے۔

بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب اور فاسٹ بولر خرم شہزاد  پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ 22 سالہ صائم ایوب نےاس سیزن کی قائداعظم ٹرافی کے 4 میچوں میں 3 سنچریوں کی مدد سے553 رنز بنائے جس میں فیصل آباد کے خلاف فائنل میں میچ وننگ ڈبل سنچری قابل ذکر تھی۔انہوں نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں بھی سب سے زیادہ 397 رنز بنائے اور وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے۔

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ  کے 23 سالہ فاسٹ بولر خرم شہزاد نے اس سال قائداعظم ٹرافی میں 20.31 کی اوسط سے سب سے زیادہ 36 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کیں۔

پیس آل راؤنڈر فہیم اشرف جو آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے دورہ پاکستان میں کھیلے تھے ٹیم میں واپس آئے ہیں اسی طرح محمد وسیم جونیئر اور میرحمزہ کی بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ یہ دونوں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ تھے جو دسمبر، جنوری میں کھیلی گئی تھی۔

پاکستان کی 18 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

شان مسعود ( کپتان )، عامرجمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میرحمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی۔

چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا ٹیم سلیکشن کے حوالے سے کہنا ہے کہ ٹیم آسٹریلیا کی چیلنجنگ کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے منتخب کی گئی ہے۔ وہاں کی پچز کو ذہن میں رکھتے ہوئے  تیز بولرز زیادہ ٹیم میں رکھے گئے ہیں تاکہ 3 ٹیسٹ میچوں میں کمبینیشن تیار کرنے میں آسانی رہے۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار پرفارمنس پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے انہوں نے قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ دونوں میں متاثرکن کارکردگی دکھائی ہے۔ ان کی شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ مزید مضبوط ہوگی جو پہلے ہی مضبوط ہے۔

وہاب ریاض نے مزید کہا کہ پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز اس سال سری لنکا میں جیت سے کیا ہے اور امید ہے کہ ٹیم آسٹریلیا میں بھی اس مومینٹم کو برقرار رکھے گی۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ سلیکشن میں وہ تمام ضروری وسائل شامل کیے جائیں جن سے آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا اسکواڈ 22 نومبر کو ٹریننگ کیمپ کے لیے راولپنڈی میں جمع ہوگا، یہ کیمپ 23 سے 28 نومبر تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا۔ ٹیم 30 نومبر کو لاہور سے آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹریننگ کیمپ کے لیے چند اضافی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا ہے جن میں ارشد اقبال، کاشف علی، شاداب خان، شاہنواز دھانی، محمد نواز، عثمان قادر اور اسامہ میر شامل ہیں۔

ٹیسٹ سیریز کا شیڈول:

پہلا ٹیسٹ ۔ 14 سے18  دسمبر، پرتھ

دوسرا ٹیسٹ ۔ 26  سے 30 دسمبر، میلبرن

تیسرا ٹیسٹ ۔ 3 سے7 جنوری، سڈنی

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp