پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر پاکستانی عوام کی سیکیورٹی کے لیے 4 نئے اور اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارں کی استعداد میں اضافہ کرنا ہے تاکہ عوام کا تحفظ اور امن و امان کی صورتحال یقینی بنائی جا سکے۔
انسداد دہشتگردی فورس کی تربیتی سہولت میں توسیع کا اعلان
امریکی سفیر نے انسداد دہشتگردی فورس کی تربیتی سہولت میں توسیع کا اعلان کیا ہے، 40 لاکھ ڈالرز کے امدادی پیکیج کے تحت بلوچستان پولیس کی انسداد دہشتگردی فورس کے لیے تربیتی سہولت میں توسیع کی جائے گی جبکہ فورس کی موجودہ صلاحیت میں اضافہ سمیت زیر تربیت اضافی 800 افراد کی بیک وقت تربیت و تعلیم کے لیے مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔
پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کا اعلان
اس کے علاوہ پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا گیا ہے، امریکی حکومت کی جانب سے دوران سیلاب تباہ شدہ 10 تھانوں کی مرمت و اپ گریڈیشن کے لیے 20 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے۔ مذکورہ پولیس اسٹیشنز کو فراہم کردہ سہولیات میں جدید طرز کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہے جیسا کہ ڈیجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ اور تنازعات کے حل کے لیے متبادل نظام میں تعاون شامل ہیں، جن کے ذریعے علاقہ مکینوں کو موثر طریقے سے خدمات فراہم کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔
مزید پڑھیں
علاوہ ازیں ان سہولیات میں صنفی مسائل حل کرنے کے لیے ایک ڈیسک کا قیام بھی شامل ہوگا جہاں کمزور اور متاثرہ آبادیوں کو نجی اور مناسب ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ جرائم سے متعلق باآسانی اطلاع دے سکیں، اس کے ساتھ جرائم کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل یا زخمیوں کی صورت میں خصوصی دیکھ بھال حاصل کر سکیں گے۔
نئے پولیس اسٹیشنز کی تعمیر میں معاونت
خواتین اور لڑکیوں سمیت تمام اہل پاکستان کے لیے خدمات کو بہتر بنانے کے لیے 10 نئے پولیس اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں اضافی 20 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے آلات کی مد میں مالی اعانت
امریکی سفیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو لاحق خطرات کا ادراک کرتے ہوئے آلات اور ساز و سامان کی مد میں اڑھائی لاکھ ڈالرز کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے، تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو تحفظ فراہم کیا جائے اور وہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کی ڈیوٹی بہتر طریقے سے انجام دیں۔
اسٹیٹس بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ (INL) کے تعاون سے مذکورہ تمام منصوبوں کے لیے فنڈز کا اجرا اور ان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ آئی این ایل کی جانب سے اس وقت پاکستان بھر میں تقریباً 2 کروڑ ڈالرز کی مالی اعانت جاری ہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مذکورہ اقدامات کے اعلان کے علاوہ آئی جی بلوچستان اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے نمائندگان کے ہمراہ بلوچستان میں خواتین اور بچیوں کے لیے پہلے سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ یہ مرکز یو این او ڈی سی کے تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے تاکہ خواتین اور بچیوں کے تحفظ سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد میں اضافہ ہو۔
امریکی سفیر کی نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات
دورہ کوئٹہ کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی سے بھی ملاقات کی۔
بات چیت میں امریکی امدادی پروگراموں سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا، اورامریکی سفیر نے بلوچستان سمیت پاکستان کے تمام حصوں کی اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ امریکا اور پاکستان کے درمیان 4 دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے عوام الناس کی سیکیورٹی، امن و امان اور قانون کی حکمرانی کے لیے تعاون جاری ہے۔ اس باہمی اشتراک سے انصاف کے اداروں میں بہتری آئی ہے، جبکہ پاکستانی سرحد کو محفوظ بنانے، منشیات اسمگلنگ کی روک تھام اور دہشتگری کا مقابلہ کرنے کے لیے قانوں نافذ کرنے والے اداروں کو درکار وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاوشوں نے پاکستانی عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ پاکستان کو مضبوط و مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔