وی ایکسکلوسیو: بلاول بھٹو جلد نواز شریف کے دروازے پر آئیں گے، عطا تارڑ

منگل 21 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما، سابق معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف ایک برینڈ کا نام ہے، مسلم لیگ ن حکومت میں آ کر کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں لائے گی۔

’وی نیوز‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں عطا تارڑ نے کہاکہ سیاست کرنا ہر جماعت کا حق ہے، بلاول بھٹو جلد میاں نواز شریف کے دروازے پر آئیں گے، پی پی چیئرمین اپنے والد سے کہہ رہے ہیں کہ ابو جی! ریسٹ کریں اور مجھے موقع دیں۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف اپنے دور میں اکنامک لبرلائزیشن کی پالیسی لائے تھے، اکنامک ریفارمز کی وجہ سے سرمایہ کاری بڑھی تھی، نوازشریف نے اب بھی جو بات کی ہے وہ معیشت کو اوپر اٹھانے کی بات ہے۔

عطا تارڑ نے کہاکہ نوازشریف نے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ پیسے لے آؤ تو آپ سے ذریعہ نہیں پوچھا جائے گا۔ عمران خان فرح گوگی کے لیے ایمنسٹی اسکیم لایا تھا، مسلم لیگ ن ملک میں سرمایہ کاری لائے گی اور ایسا پہلے بھی کر کے دکھایا ہے۔ نواز شریف کے دور میں سی پیک کے ذریعے 64 ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ آئی تھی۔

سیالکوٹ میں عثمان ڈار کی والدہ کوئی ڈینٹ نہیں ڈال سکتیں

ایک سوال کے جواب میں عطا تارڑ نے کہاکہ عثمان ڈار کی والدہ بڑے شوق سے خواجہ آصف کے مقابلے میں الیکشن لڑیں مگر وہ ایسا ڈینٹ نہیں ڈال سکتیں جیسے کوئی سوچ رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر لائکس لینے سے ووٹ نہیں ملتے۔ 21 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے جلسے میں غریب لوگ آئے تھے ہمارے جلسے میں ڈیفنس کے لوگ نہیں آئے۔

پی ٹی آئی کے ووٹرز اس وقت آٹے میں نمک کے برابر ہیں

عطا تارڑ نے کہاکہ تحریک انصاف کے ووٹرز آٹے میں نمک کے برابر ہیں، کینٹ، گلبرگ، ڈیفنس کے فیشن ایبل لوگ جب 2013 میں ووٹ ڈالنے نکلے تھے تو ہمیں کوی فرق نہیں پڑا تھا، عام غریب آدمی نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہے، جلسوں میں کلچر کو پروموٹ کرنا چاہیے، مذہبی ٹچ کے ساتھ مغربی کلچر کو پروان نہیں چڑھانا چاہیے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز پر معاونت اور اعانت کا الزام تھا

عطا تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کی اپیلوں پر بہتر فیصلہ آنے کی امید ہے، ایون فیلڈ کیس میں مریم نواز پر معاونت اور اعانت کا الزام تھا اور پھر وہ اس کیس سے باعزت بری ہوئیں کیوں کہ انہوں نے ایسا کوئی جرم کیا ہی نہیں تھا، وزیراعظم کے امیدوار نوازشریف ہی ہوں گے۔

نواز شریف کی بائیو میٹرک پر تنقید کرنے والے حوصلہ کریں

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کی بائیو میٹرک کے لیے نادرا کا ایک اہلکار اگر ایئرپورٹ چلا گیا تو اس میں ایسی کون سی بات ہیں، جو لوگ تنقید کر رہے ہیں وہ زرا حوصلہ کریں۔

اللہ نہ کرے جنوبی پنجاب محاذ بنے

عطا تارڑ نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ ن کی بڑی اچھی ہوا چل رہی ہے۔ ہم وہاں سے 45 سے 46 سیٹوں پر کامیابی حاصل کریں گے، اللہ نہ کرے کہ جنوبی پنجاب محاذ بنے، جن لوگوں نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا وہ اب کدھر ہیں۔

خسرو بختیار کے لیے دروازے اور کھڑکیاں دونوں کھلے ہیں

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہاکہ خسرو بختیار کے لیے دروازے اور کھڑکیاں دونوں کھلے ہیں، سیاست میں دروازے کبھی بند نہیں کیے جاتے، جہاں بھی اسپیس ہو گی ہم الیکٹیبلز کو ویلکم کریں گے لیکن جہاں پر نظریاتی کارکن ہو گا اس کی قربانی ہر گز نہیں دی جائے گی۔ میں گوجرانولہ سے انتخابات میں حصہ لوں گا، اگر پارٹی نے اعتماد کا اظہار کیا تو بڑے مارجن کے ساتھ سیٹ جیت کر دوں گا۔

ہم پنجاب سے قومی اسمبلی کی 100 سیٹیں جیتیں گے

عطا تارڑ نے کہا کہ ہم نے انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے، پنجاب سے قومی اسمبلی کی 100 سیٹوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا سے بھی اچھے نتائج آئیں گے۔

مریم نواز صوبائی سیٹ پر الیکشن لڑیں گی

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نوازشریف کی صوابدید پر بنے گا، مریم نواز صوبائی اسمبلی کا الیکشن لاہور سے لڑیں گی، اس سے قبل جب پنجاب میں الیکشن کی بات ہوئی تھی تو مریم نواز نے 3 صوبائی سیٹوں پر الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp