فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر: پاکستان کو تاجکستان کے ہاتھوں 6-1 گول سے شکست

منگل 21 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کے دوسرے راؤنڈ کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان کو تاجکستان کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں 6 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

منگل کو جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں تاجکستان نے تقریباً 5 منٹ میں دوران ہی پاکستان کے خلاف 2 گول کردیے۔

پاکستان نے 21 ویں منٹ میں تاجکستان کی برتری کا اس وقت جواب دیا جب راہس نبی نے اپنے بائیں پاؤں سے ایک شاندار گول کیا جس سے قومی ٹیم کے کھیل میں واپس آنے کی امید بندھی۔

تاہم ٹیم کے ڈھانچے اور آف دی بال موومنٹ کے لحاظ سے گرین شرٹس کا دن اچھا نہیں رہا کیونکہ پہلے ہاف میں ان کا مڈ فیلڈ موجود نہیں تھا۔ تاجکستان نے انہی خالی جگہوں کا فائدہ اٹھایا اور 26 ویں منٹ میں ایک اور شاندار گول کردیا۔

ہوم سائیڈ کے لیے مشکلات ختم نہیں ہوئیں کیونکہ مہمانوں نے ہاف ٹائم سیٹی بجنے سے تھوڑا ہی پہلے ایک اور گول کر کے اپنی برتری کو 3 گول تک بڑھا دیا اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط تر کرلی۔

دوسرے ہاف میں پاکستان کو مسلسل نقصان اٹھانا پڑا اور وہ زیادہ تر وقت گیند کو اپنے پاس رکھنے میں ناکام رہے۔65  ویں منٹ میں پاکستان نے ایک اور گول اس وقت کھا لیا جبکہ مہمان ٹیم نے فائنل وسل بجنے سے پہلے ایک اور گول کردیا۔

اس یکطرفہ مقابلے میں پاکستان کی جانب سے   پہلے ہاف میں نبی کے شاندار کھیل کے علاوہ پورے میچ میں کوئی مثبت چیز نہیں دیکھی گئی۔

اس سے قبل پاکستان کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائر میچ میں سعودی عرب کے خلاف صفر کے مقابلے میں4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم نے 2 میچوں میں اب تک 10 گول کھائے ہیں جبکہ صرف ایک گول کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp