بالی ووڈ کے دو بڑے خان آپس میں بہت اچھے دوست تو ہیں لیکن ان کا ایک دوسرے سے مقابلہ بھی رہتا ہے۔ شاہ رخ اور سلمان نے ایک دوسرے کی فلموں میں اینٹری مار کر چار چاند لگائے ہیں اور اب یہ دونوں ٹائیگر بہ مقابلہ پٹھان میں بھی اب ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔
ان دونوں سپراسٹارز کے حوالے سے ایک اور عجیب بات بھی سامنے آئی ہے۔ یش راج فلمز کے قریبی ذرائع کے مطابق سلمان خان نے ٹائیگر فلم سائن کرنے سے پہلے یش راج کو کہا تھا کہ جتنے پیسے شاہ رخ خان کو مل رہے ہیں وہ اس سے زیادہ معاوضہ لیں گے چاہے وہ ایک روپیہ ہی کیوں نہ ہو۔ یہ قصہ 2012 کا ہے، جب ٹائیگر فلم کا آغاز ہونے جارہا تھا اور شاہ رخ خان تب یش چوپڑا کے ساتھ ان کی آخری فلم ’جب تک ہے جان‘ بنا رہے تھے۔
اس حیرت انگیز واقعے نے یش راج کے مالک آدتیہ چوپڑا کو بھی حیران کردیا جو اپنے والد کے ساتھ کمپنی چلاتے ہیں اور خود بھی ایک بہت بڑے ہدایت کار اور پروڈیوسر ہیں لیکن سلمان خان کی اس بات پر وہ حیران رہ گئے اور ان کو بتایا کہ سلمان کو بھی اپنی فلم کے لیے اچھے پیسے ملیں گے تو ان کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ آدتیہ چوپڑانے ان کو بتایا کہ وہ نہیں بتا سکتے کہ کون سی فلم باکس آفس پر زیادہ کامیاب ثابت ہوگی۔
کچھ بات چیت کے بعد سلمان خان نے آدتیہ چوپڑاکی بات مان لی اور ٹائیگر فلم سیریز سائن کرلی جو آج تک چل رہی ہے اور اس فلم نے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ بھی کیا ہے۔
جہاں بالی ووڈ میں ایک دوسرے کے ساتھ گہری دوستی ہے وہیں بڑے بڑے خانز کا نمبر ایک رہنے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ بھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اتنے برسوں سے بالی ووڈ پہ خانز کا ہی راج چل رہا ہے۔
اب مداحوں کو ٹائیگر ورسز پٹھان کا بیچینی کے ساتھ انتظار ہے اور ان کے لیے یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ ان بڑے خانوں کے درمیان ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کا مقابلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔