نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم کو کامیاب خلائی سفر پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمیرہ سلیم پاکستان کے عوام کا فخر ہیں اور وہ نہ صرف ہمارے نوجوانوں، بزرگوں بلکہ خواتین کے لیے بھی مشعل راہ اور ان والدین کے لے قابل فخر ہیں جو اپنی بچیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
منگل کو پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ہم نے نمیرہ سلیم کے اس مشن کو سپورٹ کیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نمیرہ سلیم نے خلا میں پاکستان کی پاکستان کا پرچم لہرا کر پاکستان کی نمائندگی کی جو پاکستان کے عوام کے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمیرہ سلیم ہماری بچیوں کے لیے روشن مثال ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ تمام والدین اپنی بچیوں کی اسی طرح حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے ورجن گلیکٹک کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے نمیرہ سلیم کی خلائی پرواز کو ممکن بنایا۔
خلائی سفر بچپن کا خواب تھا جو میرے ملک نے پورا کروادیا، پہلی پاکستانی خاتون خلاباز
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی خلاباز خاتون نمیرہ سلیم نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی مشکور ہوں کہ اس نے مجھے پورے ملک کے سامنے متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سنہ 2006 میں بھی وزارت اطلاعات نے پورے ملک میں مجھے متعارف کروایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرا بچپن سے خواب تھا کہ میں خلا کا سفر کروں اور مجھے میرے ملک نے اس سفر میں بہت سپورٹ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں خلائی سفر پر پاکستان کا جھنڈا ساتھ لے کر گئی۔
نمیرہ سلیم نے اسپیس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپیس ٹورازم کے لیے پاکستان میں پرائیویٹ انٹرپرائز کو ترغیب دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیس ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم ڈیزاسٹرز سے بھی نمٹ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں کلائمیٹ سمٹ ہونے والی ہے وہاں پر بھی اسپیس ٹیکنالوجیز زیر بحث آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسپیس ایجوکیشن کو فروغ دینا چاہیے اور اس ضمن میں فلمیں بھی تیار کی جا سکتی ہیں۔
نمیرہ سلیم کا کہنا تھا کہ وہ حکومت پاکستان اور اپنے والدین کی مشکور ہیں کہ انہوں نے انہیں اس خلائی سفر میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ واضح رہے کہ نمیرہ سلیم دنیا کی پہلی پرائیویٹ اسپیس لائن رچرڈ برانسن کی ورجن گلیکٹک کی بانی خلا باز بننے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے سنہ 2006 میں 2 لاکھ ڈالر میں خلا میں جانے کے لیے ٹکٹ خریدا۔ وہ ٹکٹ خریدنے والے 800 صارفین میں سے پہلی خاتون تھیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے سنہ 2006 میں پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون کے طور پر نمیرہ سلیم کو قوم کے سامنے پیش کیا تھا۔ ورجن گلیکٹک نے 17 سال کی مدت میں تمام سنگ میل عبور کیے اور تجارتی لحاظ سے قابل عمل اسپیس شپ کا تجربہ کیا۔ نمیرہ سلیم پاکستان اور گلیکٹک کی پہلی خاتون خلا باز ہیں جو نیو میکسیکو امریکا میں اسپیس پورٹ سے 6 اکتوبر 2023 کو ورجن گلیکٹک کے گلیکٹک 4 مشن کے ذریعے خلائی سفر پر روانہ ہوئیں۔
نمیرہ سلیم کو ان کی پرواز سے قبل 4 دن تک اسپیس پورٹ امریکا میں تربیت فراہم کی گئی۔ اپنے خلائی سفر کے دوران نمیرہ سلیم نے خلا سے زمین کا نظارہ کیا۔ وہ 3 منٹ تک زیرو گریویٹی میں رہیں اور اپنے ساتھ قومی پرچم خلا میں لہرایا۔ نمیرہ سلیم 16 نومبر کو پاکستان واپس آئیں اور صدر پاکستان کو خلا میں لہرائے جانے والا قومی پرچم پیش کیا۔