فوجی عدالتیں: پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل آج دوبارہ دائر کرے گی

بدھ 22 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف فیصلے کے خلاف آج دوبارہ اپیل دائر کرے گی، گزشتہ روز رجسٹرار سپریم کورٹ نے نگراں پنجاب حکومت کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا تھا۔

نگراں پنجاب حکومت فوجی عدالت میں سویلین کے ٹرائل کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف رجسٹرار سپریم کورٹ کا اعتراض دور کر کے آج دوبارہ درخواست دائر کرے گی۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں نگراں پنجاب حکومت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے فوجی عدالتوں کےقیام کوکالعدم قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے 184 تین کے تحت اپنا آئینی دائرہ اختیار استعمال کیا، آئین اورقانون کے مطابق دیگرفورمز موجود ہوں تو 184 تین کا دائرہ اختیار استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

پنجاب حکومت کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ آرمی ایکٹ کی طرز پرمختلف عدالتیں ملک بھرمیں کام کررہی ہیں، فوجی عدالتیں اورعام عدالتیں 1947ء سےکام کررہی ہیں، فوجی عدالتوں میں ملزموں کا ٹرائل قانون کے مطابق چلایا جاتا ہے۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں پنجاب حکومت نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ فوجی عدالتوں سے متعلق فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا تھا، اعتراض دور کرنے کے بعد پنجاب حکومت آج دوبارہ اپیل دائر کرے گی۔

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل غیرقانونی قرار دیتے ہوئے9 مئی کے تمام ملزمان کا ٹرائل عام عدالتوں میں کرنے کا حکم جاری کر دیا تھا۔

وفاق، وزارت دفاع، خیبر پختونخوا حکومت اور بلوچستان حکومت نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp