سپریم جوڈیشل کونسل: جسٹس مظاہر نقوی کو دوبارہ تفصیلی شوکاز نوٹس جاری، 14 روز میں جواب طلب

بدھ 22 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم جوڈیشل کونسل نے عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو دوبارہ تفصیلی شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے سماعت کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیرصدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں عدالت عظمیٰ کے سینیئر جج جسٹس اعجاز الاحسن اور دیگر نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف 10 شکایت کنندگان کو سنا گیا تھا، اس کے علاوہ ان کے اعتراضات کا بھی جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے اعتراضات میں سے 2 اعتراضات وضاحت ہونے پر واپس بھی لیے گئے۔ آج صرف کونسل ارکان کی جانب سے مشاورت کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس 1-4 کی اکثریت سے جاری کیا گیا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی، جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس نعیم افغان نے شوکاز جاری کرنے کے حق میں ووٹ دیا جبکہ جسٹس اعجازالاحسن نے شوکاز نوٹس جاری کرنے کی مخالفت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف شکایت کنندگان کے دلائل مکمل ہو گئے تھے۔

اس کے علاوہ 20 نومبر کو ہونے والی سماعت میں جسٹس مظاہر نقوی کی جانب سے وکیل خواجہ حارث پیش ہوئے تھے۔

خواجہ حارث نے جسٹس مظاہر نقوی کا خط کونسل میں پیش کیا تھا۔ خط میں سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست کے فیصلے تک کونسل کی کارروائی موخر کرنے کی استدعا کی گئی۔

جسٹس مظاہر نقوی کی سپریم کورٹ میں پٹیشن

اِدھر جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن میں موقف اختیار کیا ہے کہ جس جائیداد کو لے کر سپریم جوڈیشل کونسل میں میرے خلاف شکایت بھیجی گئی وہ جائیداد ڈیکلیئرڈ ہے اور اس کے لیے نا تو مجھے ٹیکس اور نا ہی رجسٹریشن اتھارٹیز کی جانب سے کوئی نوٹس جاری کیا گیا۔ جسٹس مظاہر نقوی نے اپنی درخواست میں سوال اٹھایا ہے کہ ایک ڈیکلیئرڈ اثاثے کے خلاف کوئی ایسا شخص جس کا اس جائیداد کی خرید و فروخت سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں وہ کیسے شکایت کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میرے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں چلنے والی کارروائی بدنیتی پر مبنی ہے اور میڈیا میں میری کردار کشی عدلیہ کی آزادی پر براہِ راست حملہ ہے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے احتساب کے لیے قائم ادارے سپریم جوڈیشل کونسل میں اپنے خلاف شروع ہونے والی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے، جس میں ملک کے نامور وکلا سردار لطیف کھوسہ، خواجہ حارث احمد، مخدوم علی خان، سید علی ظفر اور سعد ممتاز ہاشمی ان کے مقدمے کی نمائندگی کریں گے۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل میں اپنے خلاف ہونے والی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ان کے خلاف 16 فروری 2023 سے بدنیتی پر مبنی مہم جاری ہے اور ان کا میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے جو کہ عدلیہ کی آزادی پر براہِ راست حملہ ہے۔

جسٹس نقوی نے لکھا ہے کہ جس انداز میں انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا وہ نا صرف شفاف ٹرائل بلکہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے بھی منافی ہے، جسٹس نقوی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ان کو جاری ہوئے اظہار وجوہ کے نوٹسز کے بارے میں ان کی مرضی کے بغیر پریس ریلیز جاری کی گئی جس سے ان کا میڈیا ٹرائل شروع ہو گیا اور عوام میں ان کے خلاف منفی تاثر پھیلایا گیا۔

جسٹس نقوی کا اظہار وجوہ کے نوٹسز پر ابتدائی جواب

سپریم جوڈیشل کونسل  نے 27 اکتوبر کو جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو ان سے متعلق شکایات کے حوالے سے اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے تھے، تاہم جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے 10 نومبر کو ابتدائی طور پر سپریم جوڈیشل کونسل کی تشکیل پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ آئینی اعتبار سے کسی جج کو نوٹسز جاری کرنے کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل کے اراکین کا متفقہ فیصلہ ضروری ہوتا ہے جبکہ میرے خلاف شکایات پر کونسل کے 3 اراکین نے شوکاز نوٹسز جاری کرنے کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ دوسرے جج جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف شکایات پر درخواست گزار آمنہ ملک کو نا صرف نوٹسز جاری کیے گئے بلکہ ان سے تحریری مواد بھی طلب کیا گیا جو میرے معاملے میں ایسا نہیں کیا گیا اور نا ہی وہ مواد مجھے مہیا کیا گیا جس کی بنا پر میں کوئی جواب تحریر کر سکوں اور میرے خلاف شکایات کے بارے میں بتایا نہیں گیا۔

اس کے علاوہ جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی تشکیل پر بھی اعتراضات اٹھائے تھے کہ اس کے چیئرمین چیف جسٹس، جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ان کی بطور جج سپریم کورٹ نامزدگی کی مخالفت کی تھی، ان کے جنرل مشرف سنگین غداری مقدمے کے فیصلے کے خلاف تحریری نوٹ لکھا تھا۔

جسٹس مظاہر نقوی کے مطابق جسٹس فائز عیسیٰ آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کے سربراہ بھی رہے جس میں ان (جسٹس نقوی) سے متعلق ایک آڈیو بھی زیر تفتیش تھی اور اسی حوالے سے انہوں نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس نعیم اختر افغان کی سپریم جوڈیشل کونسل میں شمولیت پر اعتراض اٹھایا تھا کیونکہ وہ بھی آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کے رکن تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp