شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشتگردوں نے دیسی ساختہ بم کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے حملے میں لانس نائیک احسان بادشاہ اور لانس نائیک ساجد حسین نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجودہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں، ایسی کارروائیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔