فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) انٹرپول نے ایک کارروائی کے دوران پنجاب پولیس کو سنگین جرائم میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان ایف آئی کے مطابق ملزم عبدالجبار کو گوادر چیک پوسٹ سے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایران فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ملزم کو انٹرپول کے ریڈ نوٹس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، جو ایف آئی اے انٹرپول کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سنگین دفعات کے تحت گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب ہے اور اُس کیخلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت تھانہ علی پور چٹھ میں مقدمہ درج تھا۔
بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن گوادر چیک پوسٹ نے ملزم کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔ ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی ایف آئی اے امیگریشن کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
واضح رہے کہ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔