کیا واقعی فاسٹ بولر حارث رؤف نے اپنے ناقدین کو منافق کہا؟

جمعرات 23 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں حالیہ کرکٹ ورلڈ کپ میں غیر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے فاسٹ بولر حارث رؤف شامل نہیں ہیں، اور چیف سیلیکٹر وہاب ریاض کے مطابق حارث اپنی مسلسل کرکٹ کھیلنے اور فٹنس کے پیش نظر دورہ آسٹریلیا کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

تاہم چیف سیلیکٹر وہاب ریاض کی وضاحتوں کے باوجود اس معاملے پر ناقدین نے فاسٹ بولر کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں دورہ آسٹریلیا میں متوقع 3 ٹیسٹ میچ کی سیریز سے گریز کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس پوری صورتحال میں فاسٹ بولرز خاموش ہیں اور نیشنل ٹی20 سیریز میں اسلام آباد کی نمائندگی کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں، لیکن سوشل پلیٹ فارم ایکس میں حارث رؤف کے پیروڈی اکاؤنٹ سے ایک ٹوئیٹ کی گئی جس میں ناقدین کو منافق کہا گیا اور لوگ اسے حقیقت سمجھ رہے ہیں۔

https://twitter.com/HarissRauf/status/1727348630447685846?t=86LI2SDH_DqZn4uk3qHJmg&s=19

حارث رؤف کے پیروڈی اکاؤنٹ سے کہا گیا کہ چند روز قبل ورلڈکپ میں غیر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں نہ صرف تنقید کا نشانہ بنایا گیا بلکہ مذاق بھی اڑایا گیا، سوشل میڈیا کے اکثر ماہرین چاہتے تھے کہ انہیں 50 اوورز کی وائٹ بال ٹیم سے ڈراپ کیا جائے۔

’۔۔۔لیکن اب اچانک وہ (سوشل میڈیا ماہرین) چاہتے ہیں کہ میں بغیر کسی جسمانی اور ذہنی تیاری کے ٹیسٹ کرکٹ کھیلوں، منافق!‘

اس پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا مطلب صرف 10 سے 12 اوورز روزانہ کرنا نہیں ہے، آپ کو دن میں 90 اوورز تک میدان میں رہنا پڑتا ہے اور آسٹریلیا میں دسمبر کے دوران موسم انتہائی گرم ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp