کیا اب 30ہزار روپے کمانے والے بھی سولر سسٹم لگا سکیں گے؟

جمعرات 23 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کم تنخواہ، بجلی کے اضافی بلز اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ شہری اب انتہائی کم خرچہ میں بھی سولر سسٹم لگا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شمسی توانائی کے استعمال کے حوالے سے پشاور میں ایک 2 روزہ سولر ایکسپو کا انعقاد کیا گیا جس میں 40 سے زائد کمپنیوں نے حصہ لیا اور شہریوں کو سولر سسٹم سے متعلق آگاہی دی۔

ایکسپو میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ، پشاور کے انرجی ڈیپارٹمنٹ نے بھی آگاہی اسٹال لگائے جس میں کم آمدنی والے افراد کے لئے سستے سولر سسٹم پیش کیے گئے اور اس سسٹم کے ذریعے زیادہ بل اور گرمی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مفید مشورے دیے گئے۔

25 سے 30 ہزار روپے میں سولر سسٹم لگایا جاسکتا ہے

یونیورسٹی آف انجینئرنگ، پشاور کے طالبعلم فہد اللہ اس ایکسپو میں انتہائی مصروف تھے اور ہر آنے والے کو اس سولر سسٹم سے متعلق مکمل معلومات اور مشورے دے رہے تھے تھا۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے فہد اللہ نے بتایا کہ سولر سسٹم سے لوگوں کی زندگی آسان ہوئی ہے، جن لوگوں نے سولر سسٹم نصب کیے ہیں وہ شدید گرمی اور بھاری بھرکم بلوں کے بوجھ سے آزاد ہوگئے ہیں۔

فہد نے بتایا کہ سولر سسٹم کی بات کی جائے تو ہر کسی کو یہی لگتا ہے کہ اس کام کے لیے لاکھوں روپے چاہئیں، اکثر لوگ اسی وجہ سے بھی سولر سسٹم نہیں لگا رہے کہ انھیں اس حوالے سے مکمل آگاہی نہیں ہے، انھیں لگتا ہے کہ سولر سسٹم 5 لاکھ روپے سے کم میں نہیں خریدا جاسکتا۔

سولر سسٹم سے دن رات بجلی کی فراہمی ممکن ہے

انہوں نے کہا کہ ایک کم آمدن والے گھرانے کی زیادہ سے زیادہ کیا ضرورت ہوسکتی ہے، انہیں 2 پنکھے، 4 لائٹس ہی چاہئیں اور سولر سسٹم پر یہ چیزیں چلا کر وہ گرمی اور بھاری بل سے نجات پا سکتے ہیں۔

فہد نے بتایا کہ پنکھے اور لائٹس کے لئے سولر سسٹم 25 سے 30 ہزار میں آسانی سے لگایا جا سکتا ہے، یہ معیاری سسٹم ہے جس کے ساتھ بیٹری لگا کر پوری رات بھی بجلی استعمال کی جاسکتی ہے۔

کنورٹر اور زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت بھی نہیں

انھوں نے مزید بتایا اس کے لیے کنورٹر اور زیادہ دیکھ بھال کی بھی ضرورت نہیں ہے، آج کل 2 پنکھوں اور 2 لائٹس کا بل بھی 10 ہزار روپے تک آتا ہے، اس سسٹم کو لگا کر بجلی کے بھاری بل سے چھٹکارا ممکن ہے۔

فہد اللہ نے بتایا کہ سولر سسٹم کی کم سے کم قیمت 25 سے 30 ہزار روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ قیمت 10 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے اور اس کے ذریعے دن رات بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp