غزہ: اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد شروع

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ نافذ العمل ہو گیا، دونوں فریقین کے درمیان طے پا گیا ہے کہ جنگ بندی کے دوران حملے نہیں کیے جائیں گے۔ حماس اسرائیل کے 13 یرغمالیوں کو آج شام 7 بجے رہا کرے گا۔

غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کو روکنے کے معاہدے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، معاہدے کے مطابق حماس 4 روز کے دوران 50 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گا، جبکہ اسرائیل یرغمالیوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی یرغمالیوں کا پہلا گروپ 13 خواتین اور بچوں کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے رہا کرے گا۔ ریڈ کراس انہیں رفح بارڈر کراسنگ تک لے جائے گا اور انہیں اسرائیلی فوج کے حوالے کرے گا جو شناخت کا عمل شروع کرے گی۔

یرغمالیوں کو جسمانی اور نفسیاتی ٹیسٹ کے لیے تل ابیب کے اسپتالوں میں لے جایا جائے گا۔ پہلے دن تبادلے کے ایک حصے کے طور پر اسرائیل سے 29 فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا جا رہا ہے۔

انہیں 2 اسرائیلی جیلوں سے لے جایا جائے گا، ڈیمون اور میگیدو، دونوں حیفہ کے جنوب مشرق میں واقع ہیں۔ اس کے بعد انہیں مقبوضہ مغربی کنارے میں رام اللہ کے جنوب میں واقع اوفر جیل لے جایا جائے گا اور وہاں سے قریبی کراسنگ پر لے جا کر ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اس کے بعد آنے والے گھنٹوں میں انتہائی ضروری انسانی امداد بھی مصر سے غزہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ روزانہ 200 امدادی ٹرک اور ایندھن کے مزید ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے۔ اس دوران فلسطینیوں کے لیے آئے امدادی سامان لے جانے والے ٹرک رفح کراسنگ سے غزہ میں داخل ہوں گے۔

اس سے قبل ااسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ملک قطر نے اعلان کیا تھا کہ جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہو گا جب کہ اس سے قبل اسرائیلی افواج کی بمباری اور حملوں میں مزید متعدد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ جنگ بندی کا آغاز جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوگا اور پہلے 13 قیدیوں کو شام 4 بجے رہا کیا جائے گا۔

اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے گا جبکہ امدادی سامان لے جانے والے ٹرک رفح کراسنگ سے غزہ میں داخل ہوں گے۔

فلسطین کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار 854 ہوگئی ہے جن میں 6 ہزار 150 سے زیادہ بچے بھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp