سندھ بھر میں 36 ہزار سے زائد مفرور ملزمان تاحال گرفتار نہیں کیے جاسکے، پولیس رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں جمع

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبے بھر کے مفرور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی اور محکمہ داخلہ کی رپورٹس سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی ہے، جس کے مطابق 36 ہزار سے زائد مفرور ملزمان تا حال گرفتار نہیں کیے جاسکے ہیں۔

کراچی پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 50 ہزار 58 مفرور ملزمان میں سے 1 ہزار 6 سو 32 ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 16 مفرور ملزمان نے ضمانت حاصل کرلی ہے، رپورٹ کے مطابق 36 ہزار سے زائد مفرور ملزمان تا حال گرفتار نہیں ہوسکے اور  8 ہزار سے زائد مفرور ملزمان کو فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ50  ہزار 58  مفرور ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے فہرست اسٹیٹ بینک کو جبکہ انہی ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے فہرستیں ارسال کی گئی تھیں۔

محکمہ داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فہرست میں مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ نمبر مکمل نہیں تھے، اس ضمن میں آئی جی سندھ پولیس کو مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ نمبر فراہم کرنے کا کہا ہے، پانچ اضلاع سے 654 مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ نمبر موصول ہوگئے ہیں۔

محکمہ داخلہ کے مطابق مفرور ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے شناختی کارڈ نمبر اسٹیٹ بینک کو ارسال کردیے گئے ہیں جبکہ مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے متعلقہ محکموں کو تفصیلات ارسال کردی ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جیسے ہی دیگر اضلاع سے مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ نمبر موصول ہوں گے متعلقہ محکموں کو ارسال کردیے جائیں گے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp