سیم آلٹ مین کی ایک ہفتے بعد مائیکرو سافٹ سے دوبارہ اوپن اے آئی میں واپسی کی وجہ کیا ہے؟

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اوپن اے آئی سے نکالے جانے کے بعد سیم آلٹ مین دوبارہ واپس آگئے۔ اوپن اے آئی کے بورڈ نے سیم آلٹ مین کو برخاست کر دیا تھا جس کے بعد انہوں نے مائیکرو سافٹ جوائن کر لیا تھا لیکن محض ایک ہفتے کے بعد اوپن اے آئی نے ان کو واپس سی ای او اور بورڈ کا ممبر بنا دیا۔

گزشتہ ہفتے سیم آلٹ مین کو اپنی کمپنی سے نکال دیا گیا تھا لیکن ایک ہفتے بعد کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں کہ سیم آلٹ مین اوپن اے آئی میں بطور سی ای او واپس آئیں گے۔ وہ بریٹ ٹیلر اور لیری سمرز کے ساتھ بورڈ کا حصہ ہوں گے۔

سیم آلٹ مین نے نکالے جانے کے بعد اتوار کے روز ایک بیان دیا کہ انہوں نے مائیکروسافٹ میں شمولیت اختیار کی ہے، اور یہ بات واضح ہے کہ یہ ان کے اور ان کی ٹیم کے لیے بہترین راستہ تھا۔

گزشتہ ہفتے اوپن اے آئی کے بانی سیم آلٹ مین کو بورڈ نے ان کی اپنی ہی کمپنی کی جانب سے نکالا گیا تو مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا کی پیشکش پر مائیکرو سافٹ کو جوائن کر لیا۔ جس کے بعد اوپن اے آئی کے بورڈ کو کافی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا اور بدھ کے روز کمپنی نے فیصلہ واپس لیتے ہوئے ان کو واپس بلا لیا۔

اوپن اے آئی کے 95 فیصد سے زیادہ ملازمین نے کمپنی کو خط میں دھمکی دی کہ اگر سیم آلٹ مین اس مصنوعی ذہانت کمپنی میں واپس نہیں آتے تو وہ اپنی نوکریوں سے استعفیٰ دے دیں گے۔ کمپنی کےمطابق 700 سے زائد ملازمین نے سیم آلٹ مین کی حمایت کا اعلان کیا۔

انہوں نے بورڈ کے ان ارکان کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا، جنہوں نے گزشتہ ہفتے آلٹ مین کو برطرف کیا تھا۔ اس دھمکی کے بعد پیر کو کمپنی کا دفتر خالی تھا اور کوئی ملازم کام پر نہیں آیا۔

کمپنی کے بورڈ کا کہنا تھا کہ وہ سیم آلٹ مین کے کام پر ان کے شکرگزار ہیں لیکن بورڈ کے اراکین کا ماننا ہے کہ کمپنی کو اب ایک نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ کمپنی کے بورڈ ممبران نے کہا کہ بورڈ کو سیم کی اوپن اے آئی کو چلانے کی قائدانہ صلاحیت پر اب اعتماد نہیں رہا، کمپنی کے اس اعلان نے مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ہل چل مچا دی تھی۔

لیکن بعد ازاں بورڈ کے ممبران میں سے ایک الیا سوٹسکر، جنہوں نے آلٹ مین کو برطرف کیا تھا، اس اقدام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی کمپنی کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتے اور کمپنی کو دوبارہ جوڑنے کے لیے کچھ بھی کریں گے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر گوگل کے سابق سی ای او ایرک شمٹ نے لکھا کہ سیم آلٹ مین ہیرو ہے، اس نے اس کمپنی کو صفر سے 90 بلین ڈالر تک پہنچا دیا اور ہماری اجتماعی دنیا کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔

واضح رہے اوپن اے آئی کمپنی نے چیٹ جی پی ٹی بوٹ کو تخلیق کرکے دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے بارے میں ایک نیا قدم رکھا تھا جس سے ٹیکنالوجی میں بہت پیش رفت ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ اوپن اے آئی کی شروعات 2015 ء میں نان پرافٹ کمپنی کے طور پر ہوئی تھی، سال 2019 ء میں اس کے ڈھانچے میں تبدیلی آئی اور اس میں مائیکروسافٹ نے کئی ارب ڈالر کی سرمایا کاری کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp