پاکستان اور سوئیڈن آئندہ برس اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائیں گے

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور سوئیڈن نے دوطرفہ تعاون کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں ممالک آئندہ برس اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔

پاکستان اور سوئیڈن کے مابین دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 17واں دور اسٹاک ہوم میں منعقد ہوا، جہاں ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے یورپ سفیر شفقت علی خان نے پاکستانی وفد جبکہ سوئیڈن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل اور گلوبل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈیگ جوہلن-ڈینفیلٹ اور قائم مقام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ فار ایشیا اینڈ پیسیفک آسکر سلائیٹ نے مشترکہ قیادت کی۔

دونوں ممالک کے وفود نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا۔

فریقین نے دوطرفہ مذاکرات اور باہمی فائدہ مند روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ اگلے سال پاکستان اور سوئیڈن سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔

ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے اس سال یورپی یونین کی صدارت کی مدت کامیابی سے مکمل کرنے پر سوئیڈن کو مبارکباد دی اور پاکستان کی جانب سے قابل تجدید توانائی، پائیدار ٹیکنالوجیز، ویسٹ مینجمنٹ، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سوئیڈش سفیر نے مضبوط اقتصادی اور سیاسی تعاون پر مبنی وسیع البنیاد دوطرفہ تعلقات قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور مزید سوئیڈش کمپنیوں کے لیے پاکستان میں کاروبار کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانے کا خیرمقدم کیا۔ دونوں فریقین نے اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

سفیر شفقت علی خان نے سوئیڈش فریق کو افغانستان اور بھارت سمیت جنوبی ایشیاء میں سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی، جس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔

سوئیڈش فریق نے پاکستان کو یورپی یونین کی صدارت، نورڈک ریجن اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون کی سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستان اور سوئیڈن کے مابین دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور اسلام آباد میں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp