فاطمہ بھٹو کا پاکستانیوں کو اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مشورہ

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی اور میر مرتضی بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو نے بھی اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

سوشل میڈیا ایکس پر اپنے پیغام میں فاطمہ بھٹو نے کہا کہ اسرائیل کی پوری آبادی بمشکل کراچی کے دو محلوں کی آبادی کے برابر ہے، آبادی کے اعتبار سے آپ کے بائیکاٹ میں ایک طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پورے فخر کے ساتھ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اوردنیا کو تبدیل کرنے والی اپنی طاقت کو پہچانیں۔‘

اس سے قبل بھی فاطمہ بھٹو اسرائیل پر تنقید کرتی رہی ہیں، بالخصوص جب اسرائیلی وزارت خارجہ کی ڈیجیٹل ڈپلومیسی ٹیم کے زیر انتظام اسرائیل کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف کامیابی پر مبارکباد دی گئی تھی۔

یہ پیغام اسرائیل کی جانب سے پاکستان کے کھلاڑی محمد رضوان کے ٹویٹ کے جواب میں دیا گیا تھا، ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا کے خلاف کامیابی کے بعد محمد رضوان نے پاکستان کی جیت غزہ کے عوام کے نام کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بھارت کی پاکستان کے خلاف کامیابی پر اسرائیل کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے کہا گیا تھا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے بھارتی دوستوں سے واقعی متاثر ہوئے ہیں۔

اسرائیلی حکومت کے ایکس اکاؤنٹ پرپوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ بھارت نے ورلڈ کپ کرکٹ کے اہم میچ میں کامیابی حاصل کی اور فاتح بنا، جب کہ پاکستان اپنی جیت کو حماس کے نام کرنے میں ناکام رہا‘۔

فاطمہ بھٹو نے اسرائیلی حکومت کے ایکس اکاؤنٹ پر اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ ’اگر فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والی ریاست اس جیت پر خوش ہورہی ہے جس نے 7 دن میں 724 بچوں کو قتل کیا ہے تو ہمیں کرکٹ میچز ہارنے پر خوشی ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp